Siraj-ul-Bayan - Al-A'raaf : 142
وَ وٰعَدْنَا مُوْسٰى ثَلٰثِیْنَ لَیْلَةً وَّ اَتْمَمْنٰهَا بِعَشْرٍ فَتَمَّ مِیْقَاتُ رَبِّهٖۤ اَرْبَعِیْنَ لَیْلَةً١ۚ وَ قَالَ مُوْسٰى لِاَخِیْهِ هٰرُوْنَ اخْلُفْنِیْ فِیْ قَوْمِیْ وَ اَصْلِحْ وَ لَا تَتَّبِعْ سَبِیْلَ الْمُفْسِدِیْنَ
وَوٰعَدْنَا : اور ہم نے وعدہ کیا مُوْسٰي : موسیٰ ثَلٰثِيْنَ : تیس لَيْلَةً : رات وَّاَتْمَمْنٰهَا : اور اس کو ہم نے پورا کیا بِعَشْرٍ : دس سے فَتَمَّ : تو پوری ہوئی مِيْقَاتُ : مدت رَبِّهٖٓ : اس کا رب اَرْبَعِيْنَ : چالیس لَيْلَةً : رات وَقَالَ : اور کہا مُوْسٰي : موسیٰ لِاَخِيْهِ : اپنے بھائی سے هٰرُوْنَ : ہارون اخْلُفْنِيْ : میرا خلیفہ (نائب) رہ فِيْ قَوْمِيْ : میری قوم میں وَاَصْلِحْ : اور اصلاح کرنا وَلَا تَتَّبِعْ : اور نہ پیروی کرنا سَبِيْلَ : راستہ الْمُفْسِدِيْنَ : مفسد (جمع)
اور ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) سے تیس رات کا وعدہ کیا ، اور ان تیس میں دس رات اور ملا کر ان کو پورا کیا ‘ پھر اس کے رب کا وعدہ چالیس رات کا پورا ہوا ، اور موسیٰ اپنے بھائی ہارون (علیہ السلام) کو کہہ گیا تھا ، کہ تو میری قوم میں میرا خلیفہ رہیو ، اور درستی رکھیو ، اور مفسدوں کی راہ پر نہ چلیو (ف 1) ۔
چلہ : (ف 1) موسیٰ (علیہ السلام) کو اللہ تعالیٰ نے کسب انوار کے لئے طور پر بلایا اور کہا چالیس راتیں یہاں زہد وتقشف میں بسر کرو ، میری نگرانی میں رہو پھر تمہیں توریت دی جائے گی اور شریعت کے اسرار و رموز سے آگاہ کیا جائے گا مقصد یہ تھا اس طرح ترک علائق سے دل میں یکسوئی پیدا ہوجائے ، بےگانگی اسباب سے دل جمعی و استقلال کی عادت پڑجائے ، اور جناب موسیٰ (علیہ السلام) اس قابل ہوجائیں کہ منصب نبوت کے بار عظیم کو باحسن وجہ اٹھا سکیں ، بات یہ ہے کہ جمال مطلق سے بہرہ اندوز ہونے کے لئے ضروری ہے کہ گوشہ ہائے قلب میں ریاضت کے دئیے روشن ہوں اور شوق و محبت کے دیئے جلیں ، قلب کا گوشہ گوشہ آغوش انتظار ہوجائے اور بال بال رواں رواں زدن سپاس ہو کر محنت کش حمد ہو ، دل کی دنیا میں سوا ذکر وشغل کی آبادی وعمران کے اور کچھ موجود نہ رہے ، یعنی عملا ثابت کردیا جائے ، کہ سینے میں اللہ کی محبت کے چشمے پھوٹ رہے ہیں ، زبان حمد و ستائش کے ترانوں سے حظ اٹھا رہی ہے جبیں آستان یار پر جھکی ہے ، اور آنکھیں راستے میں بچھی جاتی ہیں ، جب جا کر کہیں وہ جہاں آراء دل میں آتا ہے ۔
Top