Urwatul-Wusqaa - Yaseen : 83
فَسُبْحٰنَ الَّذِیْ بِیَدِهٖ مَلَكُوْتُ كُلِّ شَیْءٍ وَّ اِلَیْهِ تُرْجَعُوْنَ۠   ۧ
فَسُبْحٰنَ : سو پاک ہے الَّذِيْ : وہ جس بِيَدِهٖ : اس کے ہاتھ میں مَلَكُوْتُ : بادشاہت كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے وَّاِلَيْهِ : اور اسی کی طرف تُرْجَعُوْنَ : تم لوٹ کر جاؤ گے
پس پاک ہے وہ ذات جس کے قبضہ قدرت میں ہرچیز کا اختیار ہے اور اس کی طرف تم سب کو لوٹ کر جانا ہے
پاک ہے وہ ذات کہ اس کے ہاتھ میں بادشاہی ہے ‘ اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے : 83۔ پاک ہے وہ ذات جس کو اللہ رب ذوالجلال والاکرام بھی کہا جاتا ہے بلاشبہ وہ ہر نقص اور ہر عیب سے پاک ہے ‘ ہر خامی اور کمزوری سے پاک ہے ‘ ہر شریک اور ضد سے پاک ہے ‘ اس کا علم ہرچیز پر محیط ‘ اس کی قدرت ہمہ گیر ‘ اس کا حکم ہر ادنی واعلی پر جاری وساری اور ہرچیز اس کے بندھن میں بندھی ہوئی ہے اور جو کچھ ہے اس کے تابع فرمان ہے بلاشبہ وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے ‘ اس نے جو قانون بنائے ہیں اپنی مرضی اور اپنے ارادہ سے بنائے ہیں وہ کسی سے مشورہ کا محتاج نہیں جو کچھ اس نے کیا ‘ وہ کچھ وہ کر رہا ہے اور جو کچھ وہ کرے گا سب اسی کے حکم و ارادہ سے ہے ۔ وہی ہر ایک چیز کا مالک حقیقی اور اصل ہے اس کی قدرت کاملہ کے تحت ہرچیز ہے ‘ خیر اور شر کا وہی خالق ہے ‘ جن اصولوں کا اس نے اعلان کردیا ہے ان کی کبھی وہ خلاف ورزی نہیں کرتا کہ وہ سب زور آوروں سے زیادہ زور آور ہے نہ خلاف کرتا ہے اور نہ ہی ہونے دیتا ہے ‘ اسی کے ہاتھ میں خلق ہے اور اسی کے ہاتھ میں امر ہے ‘ اس کے سوا کوئی خالق نہیں کہ کسی چیز کو وہ پیدا کرسکے اور کوئی رازق نہیں کہ وہ کسی کو روزی دے سکے ، ہر ایک چیز کو ہر اچھے اور برے کو ‘ ہر بادشاہ اور حقیر کو ‘ ہر نبی ورسول کو اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے ‘ اسی کے حکم کی ہرچیز تابع ہے ۔ ھو الاول ولاخر والظاہر والباطن وھو بکل شیء علیم ۔ الحمد للہ اسی مضمون پر سورة یس ختم ہو رہی ہے ۔ عبدالکریم اثری : 0 ا ۔ ستمبر 1997 ء بعد از نماز عصر :
Top