Urwatul-Wusqaa - Ar-Rahmaan : 54
مُتَّكِئِیْنَ عَلٰى فُرُشٍۭ بَطَآئِنُهَا مِنْ اِسْتَبْرَقٍ١ؕ وَ جَنَا الْجَنَّتَیْنِ دَانٍۚ
مُتَّكِئِيْنَ : تکیہ لگائے ہوئے ہوں گے عَلٰي فُرُشٍۢ : ایسے فرشوں پر بَطَآئِنُهَا : ان کے استر مِنْ اِسْتَبْرَقٍ ۭ : موٹے تافتے کے ہوں گے وَجَنَا الْجَنَّتَيْنِ : اور پھل دونوں باغوں کے۔ پھل توڑیں گے دونوں باغوں کے دَانٍ : قریب قریب ہوں گے۔ جھکے ہوئے ہوں گے
تکیہ لگائے فرشوں پر بیٹھے ہوں گے جن کے استر دبیز ریشم کے ہوں گے اور ان دونوں باغوں کے میوے قریب ہی ہوں گے
تکیہ لگائے ہوئے فرشوں پر بیٹھے ہوں گے جن کے استر ریشم کے ہوں گے 45 (بطائن) بطانۃ کی جمع ہے اور بطانۃ ایک کپڑے کے نیچے جو کپڑا لگایا جاتا ہے اس کو کہتے ہیں بطائنھا ان کے اندرس یا استر۔ جمع ہے ھاضمیر واحد مؤنث غائب مضاف الیہ۔ وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ڈرتے زندگی گزارنے والے تھے جنت میں جب ان کو سامان عیش و نشاط دیا جائے گا تو اس میں نہایت خوبصورت پلنگ بھی ہوں گے جن پر گدے اور بچھونے اور اوڑھنے کے سارے سیٹ میسر ہوں گے اور جو تکیے ان کے لیے تیار کیے گئے ہیں ان کا ذکر خاص کر کے کیا جارہا ہے کہ ان کے استر بھی استبرق کے ہوں گے جب کہ استبرق خالص ریشم کے موٹے کپڑے کو کہتے ہیں جو بہت ہی قیمتی گنا جاتا ہے اور چونکہ لوگ اچھے ‘ خوبصورت اور بہتر وقت میں بھی یہ گنجائش لیتے ہیں کہ اگر تکیوں کے اوپر کا حصہ بہت اچھے کپڑے سے تیار کیا ہو تو بھی نیچے کا کپڑا اس سے نرم قسم کا لگاتے ہیں لیکن جنت میں یہ گنجائش نہیں لی جائے گی بلکہ وہاں جو بستربچھے ہوں گے ان کے استر بھی استبرق کے یعنی ریشم کے ہوں گے جو بہت قیمتی ہوتا ہے اور پھر جن بستروں کے استر استبرق کے ہوں گے ان کے تکیوں پر جو اوپر کپڑا استعمال کیا جائے گا وہ تو ظاہر ہے کہ اس سے بھی سوا ہوگا جس کا شاید تصور نہیں کیا جاسکتا کہ وہ کتنا خوبصورت ہوگا۔ فرمایا وہ ان بستروں پر تشریف فرما ہوں گے اور ان دونوں باغوں کے پھل نیچے کو جھک آئیں گے اور ان کے قریب کردیئے جائیں گے پھلوں کا ملنا اور حاصل ہونا کیا نعمت ہے کہ اس سے بھی بڑی نعمت یہ ہوگی کہ وہ پھل قسم قسم کے ہوں گے تاکہ اہل جنت انتخاب کرنے کے لطف سے بھی محروم نہ ہوں اور پھر یہ بھی کہ وہ پھل ٹہنیوں کے اوپر ہی ہوں گے اور ٹہنیاں جھک کر اپنے پھلوں کو پیش کریں گی اور اہل جنت اپنے بستروں پر بیٹھے بیٹھے ان پھلوں میں سے بہتر تروتازہ پھلوں کا انتخاب کریں گے اور جو چاہیں گے اس کو توڑنے کی زحمت بھی نہیں کرنی پڑے گی بلکہ ان کا ہاتھ انتخاب کرتے وقت جس پر پڑے گی وہ خودبخود ٹوٹ کر اہل جنت کے ہاتھ میں آجائے گا۔
Top