Al-Quran-al-Kareem - Al-Mulk : 20
اَمَّنْ هٰذَا الَّذِیْ هُوَ جُنْدٌ لَّكُمْ یَنْصُرُكُمْ مِّنْ دُوْنِ الرَّحْمٰنِ١ؕ اِنِ الْكٰفِرُوْنَ اِلَّا فِیْ غُرُوْرٍۚ
اَمَّنْ هٰذَا : یا کون ہے یہ الَّذِيْ : جو هُوَ جُنْدٌ لَّكُمْ : وہ لشکر ہو تمہارا يَنْصُرُكُمْ : جو مدد کرے تمہاری مِّنْ دُوْنِ الرَّحْمٰنِ : رحمن کے سوا اِنِ الْكٰفِرُوْنَ : نہیں ہیں کافر اِلَّا : مگر فِيْ غُرُوْرٍ : دھوکے میں
یا کون ہے وہ جو تمہارا لشکرہو، تمہاری مدد کرے، رحمان کے مقابلے میں ؟ کافر دھوکے کے سوا کسی کھاتے میں نہیں ہیں۔
اَمَّنْ ہٰذَا الَّذِيْ ہُوَ جُنْدٌ لَّکُمْ۔۔۔۔: بھلا یہ تو بتاؤ کہ اگر اتنی قدرتوں والا رحمان تمہیں پکڑنے پر آجائے تو وہ کون ہے جو تمہارا لشکر بن کر اس کے مقابلے میں تمہاری مدد کرسکے ؟ کوئی نہیں ، بالکل نہیں۔ کافر لوگ جن کے دلوں میں یہ بات بیٹھی ہوئی ہے کہ فلاں ہستی اور فلاں مشکل کشا اللہ تعالیٰ کے مقابلے میں ان کی مدد کریں گے اور زبردستی سفارش کر کے چھڑا لیں گے ، محض دھوکے میں پڑے ہوئے ہیں ، جس میں انہیں شیطان نے مبتلا کر رکھا ہے۔ ”من دون الرحمن“ کا ایک معنی یہ بھی ہوسکتا ہے کہ رحمان کے علاوہ وہ کون ہے جو کسی مصیبت میں لشکر بن کر تمہاری مدد کرسکے ؟
Top