Kashf-ur-Rahman - An-Nahl : 72
وَ اللّٰهُ جَعَلَ لَكُمْ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ اَزْوَاجًا وَّ جَعَلَ لَكُمْ مِّنْ اَزْوَاجِكُمْ بَنِیْنَ وَ حَفَدَةً وَّ رَزَقَكُمْ مِّنَ الطَّیِّبٰتِ١ؕ اَفَبِالْبَاطِلِ یُؤْمِنُوْنَ وَ بِنِعْمَتِ اللّٰهِ هُمْ یَكْفُرُوْنَۙ
وَاللّٰهُ : اور اللہ جَعَلَ : بنایا لَكُمْ : تمہارے لیے مِّنْ : سے اَنْفُسِكُمْ : تم میں سے اَزْوَاجًا : بیویاں وَّجَعَلَ : اور بنایا (پیدا کیا) لَكُمْ : تمہارے لیے مِّنْ : سے اَزْوَاجِكُمْ : تمہاری بیویاں بَنِيْنَ : بیٹے وَحَفَدَةً : اور پوتے وَّرَزَقَكُمْ : اور تمہیں عطا کیا مِّنَ : سے الطَّيِّبٰتِ : پاک چیزیں اَفَبِالْبَاطِلِ : تو کیا باطل کو يُؤْمِنُوْنَ : وہ مانتے ہیں وَ : اور بِنِعْمَةِ : نعمت اللّٰهِ : اللہ هُمْ : وہ يَكْفُرُوْنَ : انکار کرتے ہیں
اور اللہ ہی نے تمہاری جنس سے تمہاری بیویوں کو پیدا کیا اور ان بیویوں سے تمہارے لئے بیٹے اور پوتے پیدا کئے اور پاکیزہ چیزیں تمہیں کھانے کے لئے دیں کیا اس پر بھی یہ لوگ بےبنیاد چیزوں پر اعتقاد رکھتے ہیں اور خدا کی نعمتوں کا انکار کرتے ہیں
72 ۔ اور اللہ تعالیٰ نے تم ہی میں سے تمہارے لئے بیویوں اور جوڑوں کو پیدا کیا اور ان بیویوں سے تمہارے لئے بیٹے اور پوتے پیدا کئے اور تم کو ستھری اور پاکیزہ اور اچھی اچھی چیزوں سے روزی دی کیا یہ سب کچھ سن کر اور دیکھ کر پھر بھی یہ لوگ باطل اور بےبنیاد باتوں پر اعتقاد اور ایمان رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں اور اس کے احسانات کی نا شکری اور بےقدری کرتے ہیں ۔ یعنی اللہ تعالیٰ ہی نے تمہاری بقائے نوعی کیلئے تمہاری جنس سے عورتیں بنائیں ۔ حضرت آدم سے حوا کو پیدا کیا پھر آگے تو الدہ تناسل کا سلسلہ شروع کردیا پھر تمہاری بقا نوعی کے لئے تم کو ان عورتوں سے بیٹے اور پوتے دیئے پھر اچھی اچھی چیزوں سے رزق دیا کہ یہ بقائے شخصی ہے ان احسانات کے باوجود تم باطل پر اور بتوں پر ایمان رکھتے ہو اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا کفران نعمت کرتے ہو اور کفران نعمت کی تفسیر اگلی آیت میں مذکور ہے۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں یعنی بتوں کا احسان مانتے ہیں کہ بیماری سے چنگا کیا بیٹا دیا یا روزی دی اور یہ سب جھوٹ وہ جو سچ کردینے والا ہے اس کے شکر گزار نہیں ۔ 12
Top