Tafseer-e-Madani - Al-Hajj : 6
ذٰلِكَ بِاَنَّ اللّٰهَ هُوَ الْحَقُّ وَ اَنَّهٗ یُحْیِ الْمَوْتٰى وَ اَنَّهٗ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌۙ
ذٰلِكَ : یہ بِاَنَّ : اس لیے کہ اللّٰهَ : اللہ هُوَ الْحَقُّ : وہی برحق وَاَنَّهٗ : اور یہ کہ وہ يُحْيِ : زندہ کرتا ہے الْمَوْتٰى : مردوں وَاَنَّهٗ : اور یہ کہ وہ عَلٰي : پر كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے قَدِيْرٌ : قدرت رکھنے والا
یہ سب کچھ اس بناء پر ہے کہ اللہ ہی حق ہے اور وہی زندہ کرتا ہے مردوں کو اور بیشک وہی ہے جو ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔1
17 یہ سب کچھ اس بناء پر کہ اللہ ہی حق ہے : اور اس کے سوا جو بھی اور جتنے بھی معبود لوگوں نے طرح طرح کے ناموں سے ازخود گھڑ رکھے ہیں وہ سب باطل ہیں۔ کارسازو کار فرما اور مختار و متصرف وہی وحدہ لاشریک ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ سو انسان اگر اپنی پیدائش اور اپنی زندگی کے مختلف مراحل ہی میں صحیح طور پر غور و فکر سے کام لے تو اس کو نظر آئے گا اور یہ حقیقت پوری طرح اس کے سامنے واضح اور آشکارا ہوجائیگی کہ یہ سب کچھ اللہ وحدہ لاشریک ہی کرتا ہے۔ اور اس میں اس کے سوا اور کسی کا ارادہ شامل نہیں۔ وہی وحدہ لاشریک اپنی قدرت کاملہ اور حکمت بالغہ سے یہ سب کچھ کرتا ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ اس کے سوا لوگوں نے جو اور طرح طرح کے مختلف ناموں سے معبود گھڑ رکھے ہیں وہ سب ان کے اوہام و خرافات کا نتیجہ ہے۔ ان میں سے کسی کی بھی نہ کوئی اصل ہے نہ حقیقت۔ وہ سب کچھ خرافات ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم - 18 اللہ ہی زندہ کرتا ہے مردوں کو : سو ارشاد فرمایا گیا اور حرف تاکید کے ساتھ فرمایا گیا کہ بیشک وہی زندہ کرتا ہے مردوں کو جو اس مردہ زمین کو زندگی بخش کر اس سے طرح طرح کی چیزیں پیدا فرماتا اور انسانوں اور دوسری بیشمار جاندار چیزوں کو زندگی سے مشرف فرماتا ہے۔ سو انسان اگر صحیح طور سے خود اپنے بارے میں غور و فکر سے کام لے تو اس کو نظر آئے گا کہ وہ وحدہ لاشریک آج بھی انسان کو اور دوسری طرح طرح کی جاندار چیزوں کو زندگی بخش رہا ہے اور مردوں کو زندہ کر رہا ہے۔ اور یہ عمل لگاتار اور ہر طرف اور ہر وقت جاری ہے۔ آخر انسان جن غذاؤں سے وقوع پذیر ہوتا ہے وہ مردہ نہیں تو اور کیا ہیں ؟ سو وہ جب چاہے گا مردوں کو زندہ کر کے اٹھائے گا ۔ سبحانہ وتعالیٰ - 19 اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے : سو ارشاد فرمایا گیا اور حرف تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ بیشک اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔ کوئی بھی چیز نہ اس کے ارادہ و مشیت سے باہر ہوسکتی ہے اور نہ اس کی قدرت مطلقہ سے خارج۔ وہ جو چاہے جب چاہے اور جیسے چاہے کرے۔ وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ اور وہ قادر مطلق جب پانی کے معمولی سے قطرے سے انسان جیسی عاقل بالغ مخلوق کو پیدا فرماتا ہے اور زمین کو خشک اور چٹیل ہوجانے کے بعد پھر گل و گلزار کردیتا ہے اس کے لیے اس انسان کو دوبارہ پیدا کردینا آخر کیوں اور کیا مشکل ہوسکتا ہے ؟ ۔ سبحانہ وتعالیٰ -
Top