Urwatul-Wusqaa - Al-Hajj : 6
ذٰلِكَ بِاَنَّ اللّٰهَ هُوَ الْحَقُّ وَ اَنَّهٗ یُحْیِ الْمَوْتٰى وَ اَنَّهٗ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌۙ
ذٰلِكَ : یہ بِاَنَّ : اس لیے کہ اللّٰهَ : اللہ هُوَ الْحَقُّ : وہی برحق وَاَنَّهٗ : اور یہ کہ وہ يُحْيِ : زندہ کرتا ہے الْمَوْتٰى : مردوں وَاَنَّهٗ : اور یہ کہ وہ عَلٰي : پر كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے قَدِيْرٌ : قدرت رکھنے والا
یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ کی ہستی ایک حقیقت ہے اور وہ بلاشبہ مردوں کو زندہ کرے گا اور وہ ہر بات پر قادر ہے
بلاشبہ اللہ تعالیٰ ہی کی وہ ذات ہے جو مردو وں کو زندہ کرنے والی ہے : 6۔ پیچھے جو کچھ بیان ہوا ہے یہ سب کچھ اس لئے ہے کہ اللہ ہی حق ہے ، مطلب یہ ہے کہ تمہارا یہ گمان کہ موت کے بعد دوبارہ کوئی زندگی نہیں بالکل باطل ہے اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہی سچ ہے اور یہ بھی کہ تمہارا یہ خیال محض باطل خیال ہے کہ اللہ تعالیٰ محض ایک خیالی اور فرضی وجود ہے جسے بعض عقلی مشکلات رفع کرنے کے لئے مان لیا گیا ہے نہیں اور ہرگز نہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ حقیقی فاعل ومختار ہے جو ہر آن اپنی قدرت ‘ اپنے ارادے ‘ اپنے علم اور اپنی حکمت سے پوری کائنات کی ایک ایک چیز کی تدبیر کر رہا ہے اور اس طرح یہ بھی کہ اس نے یہ نظام محض دل بہلانے کے لئے کھلونے کے طور پر نہیں بنایا کہ ایک وقت تک کھیل کر اس کو یونہی توڑ پھوڑ کر ملیا میٹ کر دے گا وہ حق ہے اس کے سارے کام سنجیدہ اور بامقصد ہیں جو پر از حکمت ہیں اور اس کا کوئی کام حکمت سے خالی نہیں اس لئے اس نے موت وحیات کا نظام بھی ایک مقصد کے تحت بنایا ہے کہ تم کو تمہارے کئے کا پورا پورا صلہ دے گا ۔
Top