Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 174
وَ كَذٰلِكَ نُفَصِّلُ الْاٰیٰتِ وَ لَعَلَّهُمْ یَرْجِعُوْنَ
وَكَذٰلِكَ : اور اسی طرح نُفَصِّلُ : ہم کھول کر بیان کرتے ہیں الْاٰيٰتِ : آیتیں وَلَعَلَّهُمْ : اور تاکہ وہ يَرْجِعُوْنَ : رجوع کریں
اور اسی طرح کھول کھول کر بیان کرتے ہیں ہم اپنی آیتوں کو (تاکہ یہ لوگ کسی طرح سمجھ جائیں) اور تاکہ یہ باز آجائیں،
243 تفصیل آیات کا مقصد رجوع الی اللہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ہم اسی طرح اپنی آیتیں کھول کھول کر بیان کرتے ہیں تاکہ یہ لوگ باز آجائیں اتباع ھویٰ اور باطل پرستی سے، جو کہ جڑ بنیاد ہے تمام معاصی اور خرابیوں کی ۔ والعیاذ باللہ ۔ اور اس طرح یہ بچ سکیں اپنی سوئِ عاقبت اور ہولناک انجام سے۔ سو اس کے بعد بھی جو آنکھ نہیں کھولے گا وہ اپنی ہلاکت و بربادی کا ذمہ دار آپ ہوگا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو مذکورہ عہد لینے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے مزید احسان اس کے بندوں پر یہ ہوا کہ اس نے اس عہد و پیمان کی پوری تفصیل بھی سب کو سنا دی تاکہ جو لوگ شرک و بدعت اور الحادو بےدینی کی اپنی باغیانہ اور سرکشانہ روش سے باز آنا چاہیں وہ باز آجائیں اور اپنی اصلاح کرلیں۔ اور جو اس کے بعد بھی اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر اڑے رہنا چاہیں وہ اس کے نتائج کا ذمہ دار خود اپنے آپ ہی کو سمھیں۔ اس کا الزام کسی اور کو دینے کی کوشش نہ کریں۔
Top