Tafseer-e-Madani - Al-Insaan : 28
نَحْنُ خَلَقْنٰهُمْ وَ شَدَدْنَاۤ اَسْرَهُمْ١ۚ وَ اِذَا شِئْنَا بَدَّلْنَاۤ اَمْثَالَهُمْ تَبْدِیْلًا
نَحْنُ خَلَقْنٰهُمْ : ہم نے انہیں پیدا کیا وَشَدَدْنَآ : اور ہم نے مضبوط کئے اَسْرَهُمْ ۚ : ان کے جوڑ وَاِذَا شِئْنَا : اور جب ہم چاہیں بَدَّلْنَآ : ہم بدل دیں اَمْثَالَهُمْ : ان جیسے لوگ تَبْدِيْلًا : بدل کر
ہم ہی نے پیدا کیا ان کو (اپنی قدرت کا ملہ اور حکمت بالغہ سے) اور مضبوط کئے ان کے جوڑ بند اور ہم جب چاہیں ان (کو ہلاک کر کے ان) کی جگہ اور لوگ لے آئیں
38 ۔ انسان کی خود اپنی تخلیق میں بڑے در سہائے عبرت و بصیرت، چناچہ ارشاد فرمایا گیا کہ ہم ہی نے ان سب کو پیدا کیا اور مضبوط کئے ان کے جوڑ بند اور ایسے پر حکمت طریقے سے کہ دنیا کی ہر مشین کے پرزے تو استعمال سے گھست اور خراب ہوتے ہیں، لیکن انسانی جسم کی اس خدائی مشین کے کل پرزے محنت و مشقت اور تمرین و ریاضت سے اور مضبوط ہوتے ہیں، اسی لئے جسمانی ورزش کو انسانی صحت کے لئے ایک اہم عنصر قرار دیا جاتا ہے، تاآنکہ بڑھاپے میں جب قدرت کے اپنے نظام کے مطابق یہ جوڑ پٹھے کمزور ہونے لگتے ہیں، تو گرتے گرتے زیرو پوائنٹ پر واپس آجاتے ہیں اور اس طرح کہ کسی کے بس میں نہیں ہوتا کہ وہ ان تغیرات کو روک سکے، یہاں تک کہ انسان اس مقام تک پہنچ جاتا ہے کہ جب وہ سب کچھ جاننے کے بعد کچھ بھی نہیں جانتا اور وہ حواس علم و ادراک تک سے محروم ہوجاتا ہے اور ارذل عمر (گھٹیا ترین عمر) تک پہنچ کر وہ قادر مطلق کی قدرت مطلقہ کے ایک اور نمونے کا مظہر بن جاتا ہے، فصدق اللہ القائل و منکم من یرد الی اردل العمر لکی لایعلم بعد علم شیئا " (النحل :71) بہرکیف اس ارشاد سے جہاں ایک طرف حضرت حق جل مجدہ کی قدرت بےنہایت اور رحمت و عنایت بےغایت کے ایک عظیم الشان نمونے اور مظہر کو پیش فرمایا گیا ہے، وہیں پر اس سے دوسری طرف منکرین قیامت کے سب سے بڑے شبہ کا بھی رد فرمایا گیا ہے۔ کیونکہ ان لوگوں کو بعث بعد الموت کے بارے میں بڑا شبہ جیسا کہ قرآن حکیم میں مختلف مقامات میں ذکر فرمایا گیا ہے یہی تھا کہ جب ہم لوگ مرمٹ کر ختم ہوجائیں گے اور ہڈیوں کا پنجر اور چورا بن جائیں گے تو پھر ہمیں دوبارہ کیونکر اور کس طرح اٹھایا جائے گا ؟ تو اس کے رد اور جواب میں ارشاد فرمایا گیا کہ جب ہم نے ان کو پہلی مرتبہ پیدا کیا ہے اور ان کے جوڑ بند اور رگ پٹھے مضبوط اور درست کئے، تو پھر ان کو دوبارہ پیدار دینا آخر ہمارے لئے کیوں اور کیا مشکل ہوسکتا ہے ؟ حالانکہ عام قاعدے کے مطابق پہلی بار بنانا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔
Top