Tafseer-e-Majidi - At-Taghaabun : 9
یَوْمَ یَجْمَعُكُمْ لِیَوْمِ الْجَمْعِ ذٰلِكَ یَوْمُ التَّغَابُنِ١ؕ وَ مَنْ یُّؤْمِنْۢ بِاللّٰهِ وَ یَعْمَلْ صَالِحًا یُّكَفِّرْ عَنْهُ سَیِّاٰتِهٖ وَ یُدْخِلْهُ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۤ اَبَدًا١ؕ ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ
يَوْمَ يَجْمَعُكُمْ : جس دن وہ جمع کرے گا تم کو لِيَوْمِ الْجَمْعِ : جمع کرنے کے دن ذٰلِكَ : یہ يَوْمُ التَّغَابُنِ : دن ہے ہار جیت کا ۭوَمَنْ يُّؤْمِنْۢ : اور جو ایمان لائے گا بِاللّٰهِ : اللہ پر وَيَعْمَلْ صَالِحًا : اور عمل کرے گا اچھے يُّكَفِّرْ عَنْهُ : دور کردے گا اس سے سَيِّاٰتِهٖ : اس کی برائیاں وَيُدْخِلْهُ : اور داخل کرے گا اس کو جَنّٰتٍ تَجْرِيْ : باغوں میں ، بہتی ہیں مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ : جن کے نیچے نہریں خٰلِدِيْنَ فِيْهَآ : ہمیشہ رہنے والے ہیں ان جنتوں میں اَبَدًا : ہمیشہ ہمیشہ ذٰلِكَ : یہی لوگ الْفَوْزُ الْعَظِيْمُ : کامیابی ہے بہت بڑی
وہ دن (یاد رکھو جب) وہ تمہیں اس جمع کرنے والے دن میں جمع کرے گا یہی (دن) ہے نقصان (ونفع) کے ظاہر ہونے کا دن، اور جو کوئی اللہ پر ایمان رکھتا ہوگا اور نیک کام کرتا ہوں گا اللہ اس کے گناہ اس سے دور کردے گا اور اسے باغوں میں داخل کرے گا، جن کے نیچے نہریں پڑی بہ رہی ہوں گی ان میں وہ ہمیشہ ہمیش رہیں گے یہ بڑی ہی کامیابی ہے،9۔
9۔ (جس کے سامنے دنیا کی بڑی سی بڑی ممکن کامیابی بھی ہیچ محض ہے) (آیت) ” ذلک یوم التغابن “۔ یعنی وہ دن کافر ومنکر کی حسرت و زیاں کا ہوگا، اور مومن کی راحت ومسرت کا۔ (آیت) ” ومن ..... سیاتہ “۔ آیت ان خارجی اور نیم خارجی گروہوں کے مزید رد میں ہے، جو معصیت کو ایمان کے منافی سمجھتے ہیں، مومن سے اگر گناہ سرزد ہی نہ ہوں، تو یہ کفارہ کا ہے کا ہوگا ؟ اور قرآن مجید مومنین کے کفارہ معاصی کا بار بار اثبات ہی کیوں کررہا ہے ؟ (آیت) ” ویعمل ..... سیاتہ “۔ قرآن مجید کی یہ بار بار بشارت کہ نیکیاں گناہوں کے محو کرنے میں وہ کام دیں گی، جو پنسل کی تحریر کے حق میں ربڑ کرتی ہے۔ ہم عاصیاں امت کے لئے کتنی بڑی بشارت ہے !
Top