Tafseer-e-Mazhari - Aal-i-Imraan : 50
وَ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیَّ مِنَ التَّوْرٰىةِ وَ لِاُحِلَّ لَكُمْ بَعْضَ الَّذِیْ حُرِّمَ عَلَیْكُمْ وَ جِئْتُكُمْ بِاٰیَةٍ مِّنْ رَّبِّكُمْ١۫ فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوْنِ
وَمُصَدِّقًا : اور تصدیق کرنے والا لِّمَا : جو بَيْنَ يَدَيَّ : اپنے سے پہلی مِنَ : سے التَّوْرٰىةِ : توریت وَلِاُحِلَّ : تاکہ حلال کردوں لَكُمْ : تمہارے لیے بَعْضَ : بعض الَّذِيْ : وہ جو کہ حُرِّمَ : حرام کی گئی عَلَيْكُمْ : تم پر وَجِئْتُكُمْ : اور آیا ہوں تمہارے پاس بِاٰيَةٍ : ایک نشانی مِّنْ : سے رَّبِّكُمْ : تمہارا رب فَاتَّقُوا : سو تم ڈرو اللّٰهَ : اللہ وَاَطِيْعُوْنِ : اور میرا کہا مانو
اور مجھ سے پہلے جو تورات (نازل ہوئی) تھی اس کی تصدیق بھی کرتا ہوں اور (میں) اس لیے بھی (آیا ہوں) کہ بعض چیزیں جو تم پر حرام تھیں ان کو تمہارے لیے حلال کر دوں اور میں تو تمہارے پروردگار کی طرف سے نشانی لے کر آیا ہوں تو خدا سے ڈرو اور میرا کہا مانو
وَمُصَدِّقًا لِّمَا بَيْنَ يَدَيَّ مِنَ التَّوْرٰىةِ : اس کا عطف رسولاً پر ہے یا فعل محذوف کی وجہ سے منصوب ہے یعنی تمہارے پاس ایسی حالت میں آیا ہو کہ اپنے سے پہلی تورات کی تصدیق کرتا ہوں انبیاء کی شان یہی ہوتی ہے ہر پیغمبر دوسرے پیغمبر کی اور تمام آسمانی کتابوں کی تصدیق کرتا ہے۔ وَلِاُحِلَّ لَكُمْ بَعْضَ الَّذِيْ حُرِّمَ عَلَيْكُمْ : اور میں اس لیے آیا ہوں کہ بعض چیزیں جو تمہارے لیے حرام کردی گئیں تھیں حلال کردوں یعنی بعض چربیاں اور گوشت جو تمہارے لیے تورات نے حرام کردی تھیں ان کی حرمت کو منسوخ کردوں۔ بعض احکام کا نسخ تصدیق کے منافی نہیں جیسے قرآن کے بعض احکام بعض کے ناسخ ہیں۔ باوجودیکہ احکام ناسخ احکام منسوخ کے منزل من اللہ ہونے کی تصدیق کرتے ہیں کیونکہ نسخ کا معنی ہی یہ ہے کہ پچھلا حکم اگرچہ صحیح تھا لیکن وقتی اور ایک مدت خاص کے لیے تھا اب وہ وقت نہیں رہا لہٰذا وہ حکم بھی نہیں رہا) ۔ وَجِئْتُكُمْ بِاٰيَةٍ مِّنْ رَّبِّكُمْ : اور میں تمہارے پاس ایک بڑی نشانی لیکر آیا ہوں۔ یہ آیت پہلے بھی گذر چکی ہے لیکن وہاں آیت سے مراد تھے معجزات اور یہاں آیت سے مراد ہے انجیل کی آیات لہٰذا تکرار نہیں ہوئی۔ یہ بھی جائز ہے کہ تاکید کے لیے تکرار ہی قرار دی جائے۔ فَاتَّقُوا اللّٰهَ : پس اللہ کے عذاب سے ڈرو جو میری مخالفت اور تکذیب کی وجہ سے آجائے گا۔ وَاَطِيْعُوْنِ : اور اللہ کی توحید و اطاعت کا جو حکم میں تم کو دے رہا ہوں اس میں میری اطاعت کرو۔
Top