Tafseer-e-Mazhari - At-Tur : 4
وَّ الْبَیْتِ الْمَعْمُوْرِۙ
وَّالْبَيْتِ : اور قسم ہے گھر کی الْمَعْمُوْرِ : آباد
اور آباد گھر کی
والبیت المعمور اور بیت المعمور کی قسم اَلْبَیْتِ الْمَعْمُوْرِ : کعبہ کی بالکل سیدھ میں ساتویں آسمان پر ایک عبادت خانہ ہے جس کو صراح کہا جاتا ہے ‘ آسمان پر اس کی ایسی ہی تعظیم کی جاتی ہے جیسی زمین پر کعبہ کی۔ مسلم نے حضرت انس کی روایت سے حدیث معراج میں بیان کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ساتویں آسمان پر میں نے ابراہیم (علیہ السلام) کو دیکھا جو بیت معمور سے اپنی پشت لگائے ہوئے تھے ‘ بیت معمور میں روزانہ ستّر ہزار فرشے (عبادت کے لیے) داخل ہوتے ہیں جو دوبارہ (کبھی) نہیں آتے۔ بغوی کی روایت ہے ‘ وہ بیت معمور کا طواف کرتے ہیں اور اس کے اندر نماز پڑھتے ہیں ‘ پھر لوٹ کر دوبارہ کبھی نہیں آتے (ہر وقت) ملائکہ اس پر چھائے رہتے ہیں (یعنی نئے نئے ملائکہ آتے رہتے ہیں) بیضاوی نے لکھا ہے : بیت معمور سے کعبہ مراد ہے ‘ حج و اعتکاف کرنے والوں سے کعبہ معمور (آباد) ہے یا مؤمن کا دل مراد ہے جس کی آبادی معرفت اور اخلاص سے ہوتی ہے۔
Top