Mazhar-ul-Quran - An-Nahl : 22
اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ١ۚ فَالَّذِیْنَ لَا یُؤْمِنُوْنَ بِالْاٰخِرَةِ قُلُوْبُهُمْ مُّنْكِرَةٌ وَّ هُمْ مُّسْتَكْبِرُوْنَ
اِلٰهُكُمْ : تمہارا معبود اِلٰهٌ : معبود وَّاحِدٌ : ایک (یکتا) فَالَّذِيْنَ : پس جو لوگ لَا يُؤْمِنُوْنَ : ایمان نہیں رکھتے بِالْاٰخِرَةِ : آخرت پر قُلُوْبُهُمْ : ان کے دل مُّنْكِرَةٌ : منکر (انکار کرنیوالے) وَّهُمْ : اور وہ مُّسْتَكْبِرُوْنَ : تکبر کرنے والے (مغرور)
تمہارا معبود ایک ہے پس وہ لوگ جو آخرت پر ایمان نہیں رکھتے ان کے دل منکر ہیں اور وہ مغرور ہیں
تکبر کی برائی اس آیت میں ہے کہ تم لوگوں کا معبود ہی اکیلا خدا ہے جس نے ساری چیزیں دنیا میں پیدا کی ہیں۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اس بات کی خبر دی کہ کفار جو اپنے عقیدے پر جمے ہوئے ہیں اور بتوں کی عبادت نہیں چھوڑتے اس کی وجہ یہ ہے کہ آخرت کے دن کا یقین ان کے دلوں میں نہیں ہے، یہ لوگ آخرت کا انکار کرتے ہیں۔ بیشک ان کے دل حق سے منحرف اور تکبرو غرور میں مبتلا ہیں، عنقریب اس کی سزا پاویں گے۔ پھر فرمایا کہ بیشک عالم الغیب ان کے مکر کو خوب جانتا ہے اور ظاہر و باطن فساد ان کے اچھی طرح دیکھ رہا ہے اس سے کوئی مخفی نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے مغرور لوگوں کو پسند نہیں کرتا اس لئے اس نے ایسی بہت سی پہلی امتوں کو طرح طرح کے عذابوں سے ہلاک کردیا۔
Top