Tadabbur-e-Quran - Al-Muminoon : 21
وَ اِنَّ لَكُمْ فِی الْاَنْعَامِ لَعِبْرَةً١ؕ نُسْقِیْكُمْ مِّمَّا فِیْ بُطُوْنِهَا وَ لَكُمْ فِیْهَا مَنَافِعُ كَثِیْرَةٌ وَّ مِنْهَا تَاْكُلُوْنَۙ
وَاِنَّ : اور بیشک لَكُمْ : تمہارے لیے فِي الْاَنْعَامِ : چوپایوں میں لَعِبْرَةً : عبرت۔ غور کا مقام نُسْقِيْكُمْ : ہم تمہیں پلاتے ہیں مِّمَّا : اس سے جو فِيْ بُطُوْنِهَا : ان کے پیٹوں میں وَلَكُمْ : اور تمہارے لیے فِيْهَا : ان میں مَنَافِعُ : فائدے كَثِيْرَةٌ : بہت وَّمِنْهَا : اور ان سے تَاْكُلُوْنَ : تم کھاتے ہو
اور تمہارے لئے چوپایوں میں بھی بڑا درس آموزی کا سامان ہے۔ ہم ان چیزوں کے اندر سے، جو ان کے پیٹوں میں ہیں، تمہیں (خوش ذائقہ دودھ) پلاتے ہیں اور تمہارے لئے ان میں دوسرے بھی بہت سے فوائد ہیں اور ان سے تم اپنی غذا کا سامان بھی حاصل کرتے ہو
عبرۃ کے معنی، جیسا کہ آل عمران 13 کے تحت واضح ہوچکا ہے، ایک حقیقت سے دوسری حقیقت تک عبور کر جانا اور اس سے سبق حاصل کرنا ہے۔ اس کی تنکیر تضخیم شان کے لئے ہے۔ مطلب یہ ہے کہ اوپر جو چیزیں مذکور ہوئیں ان میں جو درس عبرت و موعظت ہے وہ تو ہے ہی اگر تم غور کرو تو تمہارے لئے تمہارے چوپایوں کے اندر بھی بڑا سبق موجود ہے۔ نسقیکم کا دوسرا مفعول یہاں ظاہر نہیں فرمایا ہے۔ دوسری جگہ اس کو لبناً خالصاً سائف لشاربین (نحل 66) کے الفاظ سے ظاہر فرما دیا ہے۔ اسی طرح مما فی بطونھا یہاں مجمل سے دوسری جگہ اس کی وضاحت من بین فرث ودم (نحل 66) کے الفاظ سے ہوئی ہے۔ اگر ان محذوفات کو کھول دیجیے تو مطلب یہ ہوگا کہ ہم ان چوپایوں کے پیٹ کے اندر کے گوبر اور خون کے درمیان سے تم کو بالکل بےآمیز اور خوشگوار دودھ پلاتے ہیں۔ ولکم فیھا منافع کثیرۃ ومنھا تاکلون ان کے خاص فائدے کے ساتھ ساتھ یہ ان کے دوسرے فوائد و منافع یکط رف بھی توجہ دلا دی کہ ان کا دودھ ہی نہیں بلکہ ان کی ایک ایک چیز تمہارے لئے نفع رساں ہے۔ یہ تمہاری وساری اور بار برداری کے کام آتے ہیں، تمہاری کاشت کاری میں یہ معین ہیں۔ ان کا گوشت، چمڑا اور ان کے اون ہر چیز تمہارے لئے کار آمد ہے۔ یہاں تک کہ ان کا گوبر بھی تمہارے کھیتوں کے لئے کھاد کا کام دیتا ہے اور یہ تمہارے لئے غذائی ذخیرہ کی حیثیت بھی رکھتے ہیں تم ان کا ترو تازہ گوشت بھی کھاتے ہو اور ان کا گوشت خشک کر کے اپنی سفری ضروریات کے لئے بھی محفوظ کرلیتے ہو اور ان میں سے بعض وہ بھی ہیں جن کی اصلی اہمیت ان کی غذای پہلوہی سے ہے۔
Top