Tafseer-e-Madani - Al-Muminoon : 21
وَ اِنَّ لَكُمْ فِی الْاَنْعَامِ لَعِبْرَةً١ؕ نُسْقِیْكُمْ مِّمَّا فِیْ بُطُوْنِهَا وَ لَكُمْ فِیْهَا مَنَافِعُ كَثِیْرَةٌ وَّ مِنْهَا تَاْكُلُوْنَۙ
وَاِنَّ : اور بیشک لَكُمْ : تمہارے لیے فِي الْاَنْعَامِ : چوپایوں میں لَعِبْرَةً : عبرت۔ غور کا مقام نُسْقِيْكُمْ : ہم تمہیں پلاتے ہیں مِّمَّا : اس سے جو فِيْ بُطُوْنِهَا : ان کے پیٹوں میں وَلَكُمْ : اور تمہارے لیے فِيْهَا : ان میں مَنَافِعُ : فائدے كَثِيْرَةٌ : بہت وَّمِنْهَا : اور ان سے تَاْكُلُوْنَ : تم کھاتے ہو
اور بلاشبہ تمہارے لیے ان مویشیوں میں بھی بڑا سامان عبرت ہے۔ ہم تمہیں اس میں سے جو کہ ان پیٹوں میں ہے دودھ جیسا لذیذ اور مفید مشروب پلاتے ہیں اور تمہارے لیے ان میں اور بھی طرح طرح کے بکثرت فائدے ہیں اور انہی میں سے تم لوگ کھاتے بھی ہو
27 مویشیوں کے اندر موجود سامان عبرت میں دعوت غور و فکر : سو ارشاد فرمایا گیا " اور تمہارے لیے ۔ اے لوگو !۔ تمہارے ان مویشیوں میں بھی بڑا سامان عبرت و بصیرت ہے "۔ جو تمہارے سامنے رہتے، تمہیں طرح طرح سے کام آتے اور تم ان سے قسما قسم کے فائدے اٹھاتے ہو۔ مگر تم لوگ اس بارے میں غور و فکر سے کام نہیں لیتے تاکہ اس سے تمہیں حق اور حقیقت کی ہدایت و راہنمائی بھی نصیب ہو سکے جو کہ ان تمام مادی فوائد سے کہیں بڑھ کر عظیم دولت ہے۔ " عبرۃٌ " کی تنوین و تنکیر تعظیم و تفخیم کے لیے ہے۔ مطلب یہ کہ اوپر آسمان و زمین کی جو چیزیں ذکر کی گئی ہیں ان کے اندر جو درسہائے عبرت و بصیرت پائے جاتے ہیں وہ تو ہیں ہی۔ لیکن تمہارے لیے تمہارے ان چوپایوں کے اندر بھی عظیم الشان درسہائے عبرت ہیں جو تمہارے گھروں میں بندھے اور تمہارے سامنے چلتے پھرتے ہیں۔ اگر تم ان کے اندر غور و فکر سے کام لو۔ لیکن مشکلوں کی مشکل یہ ہے کہ تم لوگ صحیح طریقے سے غور و فکر سے کام لیتے ہی نہیں ہو۔ اور اس بنا پر تم ان درسہائے عبرت و بصیرت سے محروم رہتے ہو سو غفلت و لاپرواہی محرومیوں کی محرومی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم - 28 دودھ جیسے عظیم الشان مشروب میں دعوت غور وفکر : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " ہم تم لوگوں کو اس میں سے جو کہ ان کے پیٹوں میں ہے ۔ دودھ جیسا عظیم الشان مشروب۔ پلاتے ہیں "۔ یعنی وہی غذا جو ان کے پیٹوں کے اندر جاتی ہے۔ اس سے خون بھی بنتا ہے اور فضلہ بھی۔ جو کہ دونوں ناپاک ہیں۔ مگر اسی غذا کے کچھ اجزاء سے تمہارے لئے دودھ جیسی ایسی لذیذ، مفید اور عمدہ غذا کا حصول بھی ہوتا ہے جس میں ان دونوں ناپاکیوں میں سے کسی کا کوئی شائبہ تک نہیں ہوتا۔ آخر یہ کس کی قدرت و صنعت کا ثمرہ اور کس کی بےپایاں رحمت و عنایت کا پھل اور نتیجہ ہے ؟ سو وہی ہے اللہ وحدہ لاشریک جو کہ تمہارا خالق ومالک حقیقی اور ہر طرح کی عبادت کا مستحق ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ اور جب اس کی ان عنایات میں کوئی اس کا شریک وسہیم نہیں تو پھر اس کی عبادت و بندگی میں آخر کوئی اس کا شریک وسہیم کس طرح ہوسکتا ہے ؟ پس عبادت و بندگی کی ہر قسم اور اس کی شکل و صورت اسی وحدہ لا شریک کا حق اور اسی کا اختصاص ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ - 29 چوپایوں کے اندر انسان کے لیے عظیم الشان فوائد و منافع کا ذکر : سو اس ارشاد سے چوپایوں میں پائے جانے والے عظیم الشان منافع و فوائد میں دعوت غور و فکر دی گئی ہے۔ سو ارشاد فرمایا گیا " اور تمہارے لیے ان کے اندر اور بھی طرح طرح کے بکثرت فوائد و منافع ہیں "۔ کہ تم ان کے دودھ سے قسما قسم کی چیزیں بناتے، ان کی اونوں اور بالوں سے طرح طرح کے منافع حاصل کرتے اور ان پر انواع و اَقسام کے سامان لاتے، لے جاتے ہو، ان کے گوشتوں اور ان کے چمڑوں اور کھالوں سے تم لوگ طرح طرح کے کاروبار کرتے اور منافع کماتے ہو۔ اور یہ بولتے تک نہیں۔ تو کبھی تم نے سوچا بھی کہ وہ کون ہے جس نے ایسے عظیم البحثہ اور طاقتور جانوروں کو تمہارے لئے اس طرح مسخر کردیا ؟ سو وہی ہے اللہ جل جلالہ و عم نوالہ۔ سو اس کے ان طرح طرح کے انعامات اور احسانات کا تقاضا یہ ہے کہ تم لوگ صدق دل سے اس کے حضور جھک جاؤ اور ہمیشہ جھکے ہی رہو ۔ وباللہ التوفیق -
Top