Tadabbur-e-Quran - Ash-Shu'araa : 60
فَاَتْبَعُوْهُمْ مُّشْرِقِیْنَ
فَاَتْبَعُوْهُمْ : پس انہوں نے پیچھا کیا ان کا مُّشْرِقِيْنَ : سورج نکلتے
پس انہوں نے ان کا تعاقب کیا صبح تڑکے
بالآخر صبح تڑکے فرعونیوں نے بنی اسرائیل کا تعاقب کیا۔ جب بنی اسرائیل نے دیکھا کہ آگے سمندر ہے اور پیچھے فرعون کا لشکر تو وہ بہت گھبرائے کہ اب تو ہم مارے گئے تورات میں ہے کہ انہوں نے حضرت موسیٰ کو برا بھلا کہنا شروع کردیا کہ کیا مصر میں ہمارے دفن ہونے کے لئے جگہ نہیں تھی کہ تم نے یہاں لا کر ہمیں مروانے کا سامان کیا ! حضرت موسیٰ نے ان کو اطمینان دلایا کہ گھیرائو نہیں۔ میرا رب میرے ساتھ ہے۔ وہ ہمارے لئے راہ کھولے گا۔ اگرچہ آگے سمندر ہے اور پیچھے رفعن کی فوجیں، بظاہر تمہیں راہ مسدود نظر آرہی ہے لیکن میرے رب نے مجھ سے جو وعدہ کیا ہے وہ ضرور پورا ہو کر رہے گا۔ تمہیں ہرگز کوئی گزند نہیں پہنچے گا۔ خدا اپنی قدرت کا کرشمہ دکھائے گا اور ہمارے لئے راہ کھل کر رہے گی۔ تورات میں یہ ماجرا یوں بیان ہوا ہے ! جب مصر کے بادشاہ کو خبر ملی کہ وہ لوگ چل دیے تو فرعون اور اس کے خادموں کا دل ان لوگوں کی طرف سے پھر یا اور وہ کہنے لگے کہ ہم نے یہ کیا کیا کہ اسرائیلیوں کو اپنی خدمت سے چھٹی دے کر ان کو جانے دیا … اور مصری فوج نے فرعون کے سب گھوڑوں اور رتھوں اور سواروں سمیت ان کا پیچھا کیا … اور جب فرعون نزدیک آگیا تب بنی اسرائیل نے آنکھ اٹھا کر دیکھا کہ مصری ان کا پیچھا کئے چلے آتے ہیں اور وہ نہایت خوفزدہ ہوگئے۔ تب بنی اسرائیل نے خداوند سے فریاد کی اور موسیٰ سے کہنے لگے کیا مصر میں قبریں نہ تھیں کہ تم ہم کو وہاں سے مرنے کے لئے بیابان میں لے آیا ہے ؟ … تب موسیٰ نے لوگوں سے کہا ڈرو مت۔ چپ چاپ کھڑے ہو کر خداوند کی نجات کے کام کو دیکھو جو وہ آج تمہارے لئے کرے گا کیونکہ جن مصریوں کو تم آج دیکھتے ہو ان کو پھر کبھی ابد تک نہ دیکھو گے۔ خداوند تمہارے لئے کرے گا کیونکہ جن مصریوں کو تم آج دیکھتے ہو ان کو پھر کبھی ابد تک نہ دیکھو گے۔ خداوند تمہاری طرف سے جنگ کرے گا اور تم خاموش رہو گئے۔ (خروج : باب 14:14-5)
Top