Tadabbur-e-Quran - Al-Hashr : 20
لَا یَسْتَوِیْۤ اَصْحٰبُ النَّارِ وَ اَصْحٰبُ الْجَنَّةِ١ؕ اَصْحٰبُ الْجَنَّةِ هُمُ الْفَآئِزُوْنَ
لَا يَسْتَوِيْٓ : برابر نہیں اَصْحٰبُ النَّارِ : دوزخ والے وَاَصْحٰبُ الْجَنَّةِ ۭ : اور جنت والے اَصْحٰبُ الْجَنَّةِ : جنت والے هُمُ : وہی ہیں الْفَآئِزُوْنَ : مراد کو پہنچنے والے
دوزخ میں پڑنے والے اور جنت میں جانے والے یکساں نہیں ہوں گے۔ جنت والے ہی کامیاب ہونے والے بنیں گے۔
(ایک نہایت اہم حقیقت)۔ (لا یستوی اصحب النار واصحب الجنۃ اصحب الجنۃ ھم الفائزون) (20) یہ ایک اور نہایت اہم حقیقت کی طرف توجہ دلائی ہے جس کو پیش نظر رکھنا زندگی کی حقیقی قدر و قیمت سمجھنے کے لیے ضروری ہے۔ وہ یہ کہ اہل جنت اور اہل دوزخ کے درمیان جو فرق ہوگا وہ ایسا نہیں ہے کہ اس کو اہمیت نہ دی جائے۔ آج خواہشات نفس سے مغلوب ہو کر اگر کوئی جنت اور دوزخ کے تفاوت کو محسوس نہیں کر رہا ہے تو اس کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ دونوں میں صرف ڈگری کا فرق نہیں ہے کہ کسی نہ کسی درجے میں اہل دوزخ کی زندگی پر بھی قناعت کی جاسکے۔ بلکہ دونوں کے درمیان ابدی نقمت اور ابدی رحمت کا فرق ہوگا۔ فوز و فلاح صرف اہل جنت کے لیے خاصل ہوگی۔ اہل دوزخ کے لیے لعنت اور عذاب کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔
Top