Urwatul-Wusqaa - Al-Hajj : 8
وَ مِنَ النَّاسِ مَنْ یُّجَادِلُ فِی اللّٰهِ بِغَیْرِ عِلْمٍ وَّ لَا هُدًى وَّ لَا كِتٰبٍ مُّنِیْرٍۙ
وَ : اور مِنَ النَّاسِ : لوگوں میں سے مَنْ : جو يُّجَادِلُ : جھگڑتا ہے فِي اللّٰهِ : اللہ (کے بارے) میں بِغَيْرِ عِلْمٍ : بغیر کسی علم وَّ : اور لَا هُدًى : بغیر کسی دلیل وَّلَا : اور بغیر کسی كِتٰبٍ : کتاب مُّنِيْرٍ : روشن
اور دیکھو کچھ لوگ ایسے ہیں کہ نہ تو ان کے پاس علم کی کوئی روشنی ہے ، نہ کسی طرح کی رہنمائی ، نہ کوئی کتاب روشن
جاہل ہیں ‘ علم کی روشنی موجود نہیں اور اللہ کے بارے میں جھگڑا کرتے ہیں : 8۔ مثل ہے کہ ” آنکھوں سے نظر نہ آئے نام نوربھری “ جہالت ہے کہ کوٹ کوٹ کر بھری ہے اور علم نام کی شے موجود ہی نہیں اور جھگڑ رہے ہیں تو اللہ کی ذات میں گویا ایسا احمق کہ جس میں فہم و فراست نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں جس نے کسی جاننے والے سے پوچھ کر بھی اپنی جہالت کو بھی دور نہیں کیا اور ایسا بدنصیب ہے کہ کسی صحیفہ آسمانی کو کھول کر بھی نہیں دیکھا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے بارے میں اس کے رسول ﷺ سے جھگڑا کرتا ہے ‘ کس ناطے سے ؟ اس کے پاس مال و دولت ہے ‘ اولاد ہے ‘ خاندان اور برادری ہے اس لئے وہ غرور اور نخوت سے اکڑ اکڑ کر چلتا ہے ۔ اپنے چیلوں چانٹوں کو ساتھ رکھتا ہے اور ان کے آگے آگے چلتا ہے اس نے اپنا ستیاناس تو کر ہی لیا ہے ۔ اور اب دوسروں کا بیڑہ غرق کرنے کے لئے دن رات کوشش کر رہا ہے ۔ کوئی پوچھے کہ تیرے پاس بحث وتمحیث کے لئے رہ گئی ہے تو وہ صرف اللہ ہی کی ذات ہے ؟ حالانکہ تیرا شمار اگر انسانوں میں ہے تو وہ فقط شکل و صورت کے لحاظ سے ہے تیرے پاس انسانی اوصاف میں سے تو ایک وصف بھی نہیں ۔ تف ہے تیرے پر اور تیری اس حرکت پر جو تو نے اختیار کی ہے ۔
Top