Urwatul-Wusqaa - Al-Ghaafir : 57
لَخَلْقُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ اَكْبَرُ مِنْ خَلْقِ النَّاسِ وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا یَعْلَمُوْنَ
لَخَلْقُ : یقیناً پیدا کرنا السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَالْاَرْضِ : اور زمین اَكْبَرُ مِنْ : زیادہ بڑا ۔ سے خَلْقِ النَّاسِ : لوگوں کو پیدا کرنا وَلٰكِنَّ : اور لیکن اَكْثَرَ النَّاسِ : اکثر لوگ لَا يَعْلَمُوْنَ : سمجھتے نہیں
ہاں ! (یاد رہے کہ) آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنا لوگوں کے (دوبارہ) پیدا کرنے سے بڑا (کام) ہے اور لیکن اکثر لوگ (اتنی بات بھی) نہیں سمجھتے
زمین وآسمانوں کی پیدائش انسانوں کی پیدائش سے بھی بڑا کام ہے اگر کوئی غور کرے 57۔ مخالفین اسلام پر دوبارہ جی اٹھنا نہایت شاق گزرتا تھا وہ اس پر تعجب کرتے کہ یہ نبی دوبارہ جی اٹھنے پر جو ایمان لانے کا حکم دیتا ہے یہ کیسے ممکن ہے اور اس کو کیونکر صحیح مان لیا جائے ؟ قرآن کریم ان کی اس بات کا بار بار جواب دیتا ہے اور کہتا ہے کہ تم نے اپنی پہلی پیدائش پر کبھی غور کیا اگر کیا ہے تو بتائو کہ وہ کیسے ممکن ہوئی اگر اس پر تم کو یقین ہے تو دوسری پیدائش سے تم کیونکر انکار کرسکتے ہو جب کہ تم خود زندہ وجاوید اس کا ثبوت ہو۔ پھر پوچھتا ہے کہ تم ہی بتائو اور من حیث العقل بتائو کہ پہل بار پیدا کرنا مشکل ہے یا دوسری بار ؟ اگر پہلی بار مشکل ہے اور اس کو تم مانتے اور تسلیم کرتے ہو تو دوسری بار جو پہلی بار پیدا کرنے سے ہر حال میں آسان ہے اس کو ماننے سے تم کیوں گریز کرتے ہو ؟ زیر نظر آیت میں وہ دیہ دلیل پیش کر رہا ہے کہ ذرا غور کرو اور بتائو کہ آسمانوں اور زمین کی پیدائش پیدائش کے لحاظ سے بری چیز ہے یا انسان ؟ اگر انسان کی پیدائش کی نسبت اتنے بڑے آسمان اور زمین کی پیدائش پیدائش کے لحاظ سے بڑی چیز ہے یا انسان ؟ اگر انسان کی پیدائش کی نسبت اتنے بڑے آسمان اور اتنی بڑی زمین اور فضا اور پھر اس خلا میں ان گنت اور بیشمار اجرام فلکی ایک بہت بڑی پیدائش اور تم اس کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہو اور مانتے ہو کہ ان سب کا پیدا کرنے والا اللہ تعالیٰ ہے تو پھر تم ہی بتائو کہ ان سب کی پیدائش کے مقابلہ میں آخر انسان کا دوبارہ پیدا کرنا کیسے مشکل ہوگیا ؟ زیادہ سے زیادہ تم کو یہی بات مشکل نظر آتی ہے کہ ایک مرنے والے پر جب ہزاروں سال گزر گئے اور اس کی خاک کے ذرے بھی کائنات کی وسعتوں میں گم ہوگئے تو پھر ان کو دوبارہ اکٹھا کرنا اور زندہ کردکھانا کیسے ممکن ہو سکتا ہے ؟ کیا دوباراہ پیدا کرنا ہمارا کام ہے کہ اس کے متعلق تم ایسی سوچ سوچتے ہیں جب رب ذوالجلال والاکرام نے کلمہ کن سے تم کو تمہارے آباء و اجداد کو اور اس پوری کائنات کو تخلیق کیا اور اس کا نظام قائم کیا اس میں کڑوڑوں سال گزرنے کے باوجود ایک ثانیہ تک کا فرق نہیں پڑا اس ذات کے لیے پہلے انسانوں جیسی مخلوق پیدا کر کے انہی روحوں کو ان میں پھونک دینا آخر کیوں مشکل ہو سکتا ہے اگر تم عقل رکھتے ہو تو عقل وفکر اور دلیل وبرہان سے جواب دو کسی بات کا انکار کرنا اور کیے ہی جانا اور اس طرح کسی بات کا اقرار کرنا اور کیے ہی چلے جانا نہ انکار کرنے کی کوئی دلیل دینا اور نہ اقرار کرنے کے متعلق کوئی حجت وبرہان پیش کرنا سراسر جہل وہٹ دھرمی ہے اور پھر تم جہالت اور ہٹ دھرمی کی بات سے باز کیوں نہیں آتے اور جہالت پر کیوں بضد ہوگئے ہو۔
Top