Tafseer-e-Madani - Al-Ghaafir : 57
لَخَلْقُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ اَكْبَرُ مِنْ خَلْقِ النَّاسِ وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا یَعْلَمُوْنَ
لَخَلْقُ : یقیناً پیدا کرنا السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَالْاَرْضِ : اور زمین اَكْبَرُ مِنْ : زیادہ بڑا ۔ سے خَلْقِ النَّاسِ : لوگوں کو پیدا کرنا وَلٰكِنَّ : اور لیکن اَكْثَرَ النَّاسِ : اکثر لوگ لَا يَعْلَمُوْنَ : سمجھتے نہیں
بلاشبہ آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنا انسانوں کے پیدا کرنے کے مقابلہ میں کہیں بڑا کام ہے لیکن اکثر لوگ جانتے نہیں
109 وجود کائنات بعث بعد الموت کی دلیل : سو اس سے آسمانوں اور زمین کی تخلیق سے انسان کے اعادئہ خلق پر استدلال فرمایا گیا ہے۔ سو ارشاد فرمایا گیا اور ادوات تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ " یقینا آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنا لوگوں کے پیدا کرنے سے کہیں بڑا کام ہے "۔ یعنی تمہارے خیال کے مطابق اے انسانو ! ورنہ اللہ پاک کی قدرت لا متناہیہ کے اعتبار سے تو سب برابر ہے کہ اس کی شان تو کُنْ فَیَکُوْنُ کی شان ہے۔ تو جب اس کو زمین و آسمان کی اس عظیم الشان اور بےمثال کائنات کا پیدا کردینا کچھ مشکل نہیں تو پھر تمہارا دوبارہ پیدا کردینا آخر اس کیلئے کیا اور کیونکر مشکل ہوسکتا ہے ؟ اور جب خلق و ایجاد کی اس صفت میں اس کا کوئی شریک نہیں تو پھر اس کی عبادت و بندگی میں کوئی اس کا شریک وسہیم کس طرح ہوسکتا ہے ؟ مگر لوگوں کی اکثریت ہے کہ ان واضح اور کھلے حقائق کو بھی نہیں جانتی اور ان میں غور و فکر سے کام نہیں لیتی۔ اور اس کے نتیجے میں وہ طرح طرح کی گمراہیوں کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں بھٹک رہی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف غافل لوگوں کے ضمیروں کو جھنجھوڑنے کیلئے انکے سامنے اس کھلی اور واضح حقیقت کو رکھ دیا گیا ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ آسمانوں اور زمین کی اس عظیم الشان اور حکمت بھری کائنات کو پیدا کرسکتا ہے اور اس نے بالفعل انکو پیدا فرما دیا ہے تو پھر اس کیلئے پانچ چھ فٹ کے اس انسان کو دوبارہ پیدا کرنا آخر کیوں اور کیا مشکل ہوسکتا ہے ؟ ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ سو کائنات کی اس عظیم الشان اور واضح اور کھلی کتاب میں عقل سلیم رکھنے والوں اور غور و فکر سے کام لینے والوں کے لیے عظیم الشان درسہائے عبرت و بصیرت ہیں۔ سو اس میں عظیم الشان دلائل ہیں حضرت خالق ۔ جل مجدہ ۔ کے وجود باجود اس کی وحدانیت ویکتائی اس کی قدرت وحکمت کے۔ نیز اس میں دلائل ہیں بعث بعد الموت اور قیام قیامت کے امکان اور اس کی ضرورت سے متعلق۔ مگر یہ سب ان لوگوں کے لیے ہیں جو عقول سلیمہ رکھتے ہیں اور وہ صحیح طور پر غور و فکر سے کام لیتے ہیں۔ اور جو لوگ اس شرف و امتیاز سے محروم ہیں وہ حیوان نہیں بلکہ ان سے بھی بہکے بھٹکے ہوئے ہیں ۔ والعیاذ باللہ -
Top