Urwatul-Wusqaa - At-Tur : 17
اِنَّ الْمُتَّقِیْنَ فِیْ جَنّٰتٍ وَّ نَعِیْمٍۙ
اِنَّ الْمُتَّقِيْنَ : یشک متقی لوگ فِيْ جَنّٰتٍ : باغوں میں وَّنَعِيْمٍ : اور نعمتوں میں ہوں گے
بلاشبہ اللہ سے ڈرنے والے جنتوں اور نعمتوں میں ہوں گے
بلا شبہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والے جنتوں اور نعمتوں میں ہوں گے 17 ۔ یہ کون لوگ ہیں ؟ یہ وہی ہیں جن کو تم بادی الرای اور رذیل لوگ خیال کیا کرتے تھے جن کے ساتھ مل کر بیٹھنا اور ان کی موجودگی میں بات کرنا اور ایک مجلس میں مل کر بیٹھنا تم پر شاق گزرتا تھا۔ جن کو دیکھتے ہی تمہارے چہروں پر بل پڑجاتے تھے اور تم ان کو دیکھ کر ناخوش ہوجاتے تھے ان کی غربت کے پیش نظر تم ان کو مذاق کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے نظریہ پر پھبتی کستے تھے اور کتنی بار تم نے ان سے محنت و مزدوری کرا کر ان کو کہا کہ تم روز جزا پر ایمان رکھتے ہو ؟ اور انہوں نے جب اثبات میں جواب دیا تو تم نے ایک بہت بڑا قہقہہ لگایا اور کہہ دیا کہ اچھا پھر اسی روز چل کر ہم سے مزدوری لے لینا۔ ہاں ! اگر اب نقد مزدوری چاہتے ہو تو آخرت کا انکار کردو لیکن انہوں نے تم سے مزدوری وصول کرنا چھوڑ دیا لیکن آخرت کا انکار نہ کیا۔ وہ دیکھو اور ان کو اچھی طرح پہچان لو کہ کیا وہ وہی ہیں ؟ ہاں ! لاریب وہی ہیں جو جنتوں میں سر و سیاحت کرتے اور جنت کی نعمتیں حاصل کرتے ہیں اور جو چاہتے ہیں ان کے سامنے حاضر کردیا جاتا ہے۔
Top