Tafseer-e-Madani - Yaseen : 16
قَالُوْا رَبُّنَا یَعْلَمُ اِنَّاۤ اِلَیْكُمْ لَمُرْسَلُوْنَ
قَالُوْا : انہوں نے کہا رَبُّنَا : ہمارا پروردگار يَعْلَمُ : جانتا ہے اِنَّآ : بیشک ہم اِلَيْكُمْ : تمہاری طرف لَمُرْسَلُوْنَ : البتہ بھیجے گئے
ان رسولوں نے کہا کہ ہمارا رب خوب جانتا ہے کہ ہمیں یقینی طور پر تمہاری طرف بھیجا گیا ہے رسول بنا کر
21 رسولوں کا منکروں کو سیدھا اور صاف جواب : سو اس سے تصریح فرما دی گئی کہ منکروں کے اس گستاخانہ اور بیہودہ و متکبرانہ قول کے جواب میں ان رسولوں نے کہا کہ " ہمارا رب خوب جانتا ہے کہ ہمیں تمہاری طرف رسول بنا کر بھیجا گیا ہے "۔ پس تم لوگ اگر ہماری بات کو مان کر حق کو قبول کرو گے تو اپنا ہی بھلا کروگے اور اس کا صلہ وثمرہ بھی خود تم ہی کو ملے گا۔ دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔ نہیں تو اس کا خسارہ و نقصان بھی تم ہی لوگوں کو بھگتنا ہوگا ۔ والعیاذ باللہ ۔ بہرکیف پیغمبروں نے منکروں کے سوال و اعتراض کے جواب میں اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے انکو بتادیا کہ ہم تو بہرحال اللہ کے بھیجے ہوئے رسول ہیں۔ ہمارا رب اس حقیقت کو اچھی طرح جانتا ہے۔ تم لوگ مانو یا نہ مانو اس سے کچھ فرق نہیں پڑنے والا۔ اور ہمارا کام صرف اتنا ہے کہ ہم پیغام حق و ہدایت کو صاف طور پر پہنچا دیں۔ آگے اس کو منوانا اور قبول کرانا نہ ہمارے بس میں ہے اور نہ ہی یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ یہاں پر ان پیغمبروں کی للہیت، بےنفسی اور صدق و اخلاص کا یہ پہلو بھی واضح رہے کہ ان لوگوں نے ان کی جناب میں گستاخی کرتے ہوئے کہا کہ تم تو محض جھوٹ بولتے ہو۔ مگر اس کے جواب میں یہ حضرات نہ کسی غصے کا اظہار کرتے ہیں نہ کسی طرح کی اشتعال انگیزی کا۔ سو یہ ان کی للہیت ان کے صدق و اخلاص اور ان کی بےنفسی کا ایک کھلا ثبوت اور واضح نمونہ ہے ۔ علیہم الصلاۃ والسلام -
Top