Dure-Mansoor - Al-Haaqqa : 12
لِنَجْعَلَهَا لَكُمْ تَذْكِرَةً وَّ تَعِیَهَاۤ اُذُنٌ وَّاعِیَةٌ
لِنَجْعَلَهَا : تاکہ ہم بنادیں اس کو لَكُمْ : تمہارے لیے تَذْكِرَةً : یاد دہانی وَّتَعِيَهَآ : اور یاد رکھیں اس کو اُذُنٌ : کان وَّاعِيَةٌ : یاد رکھنے والے
تاکہ ہم تمہارے لیے اس واقعہ کو نصیحت بنادیں اور تاکہ اسے یادرکھنے والے کان یاد رکھیں
حضرت علی ؓ کی فضیلت 29۔ سعید بن منصور وابن جریر وابن المنذر وابن ابی حاتم وابن مردویہ نے مکحول (رح) سے روایت کیا کہ جب یہ آیت وتعیہا اذن واعیہ نازل ہوئی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میں نے اپنے رب سے سوال کیا کہ وہ حضرت علی ؓ کے کان اس طرح بنادے، مکحول ؓ نے کہا کہ علی ؓ فرمایا کرتے تھے کہ میں نے کوئی بات رسول اللہ ﷺ سے نہیں سنی کہ میں اسے بھول گیا ہوں۔ یعنی میں کسی بات کو نہیں بھولا۔ 30۔ ابن جریر وابن ابی حاتم واحدی وابن مردویہ وابن عساکر وابن مردویہ وابن عساکر وابن البخاری نے بریدہ ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے علی ؓ سے فرمایا اللہ تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں تجھ کو قریب کروں اور تجھ کو دور نہ کروں اور اگر میں تجھ کو علم سکھاؤں تو تو اس کو محفوظ رکھے اور تیرے لیے حق ہے کہ تو اس کو یاد رکھے، پھر یہ آیت نازل ہوئی آیت وتعیہا اذن واعیہ۔ 31۔ ابونعیم نے الحلیہ میں علی ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اے علی ! اللہ تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں تجھ کو قریب کروں اور میں تجھ کو علم سکھاؤں تاکہ تو اس کو یاد رکھے تو یہ آیت نازل ہوئی آیت وتعیہا اذن واعیۃ اور تو کان ہے یاد رکھنے والا میرے علم کے لیے۔ 32۔ ابن المنذنے ابن جریج (رح) سے روایت کیا کہ آیت لنجعلہا لکم تذکرۃ تاکہ ہم اسے محمد ﷺ کی امت کے لیے یادگار اور نصیحت بنادیں اور کتنی کشتیاں تھیں تباہ ہوگئیں اور ان کا نشان ختم ہوگیا یعنی کشتی میں سے کچھ بھی باقی نہیں رہا حتی کہ محمد ﷺ کی امت اس کو پالیتی اور اس کو اس حال میں دیکھا کہ اس کے تختے جودی پہاڑ پر دکھائی دیتے تھے۔ 33۔ عبد بن حمید وابن المنذر نے قتادہ (رح) سے روایت کیا کہ آیت لنجعلہا لکم تذکرۃ سے مراد ہے عبرت اور نشانی اور اللہ تعالیٰ نے اس کو باقی رکھا یہاں تک کہ اس امت نے اسے دیکھا اور کتنی کشتیاں نوح (علیہ السلام) کی کشتی کے علاوہ بوسیدہ ہوگئیں۔ 34۔ عبد بن حمید وابن المنذر ابن عمران ؓ سے آیت لنجعہا لکم تذکرۃ کے بارے میں روایت کیا کہ وہ کان جس کو اللہ کی طرف سے عقل دی گئی۔ 35۔ عبدالرزاق وعبد بن حمید نے قتادہ (رح) سے آیت اذن واعیہ کے بارے میں روایت کیا کہ وہ کان جو سنیں اور سمجھیں اور جو کچھ سنیں اسے یاد رکھیں۔
Top