Dure-Mansoor - Al-Insaan : 18
عَیْنًا فِیْهَا تُسَمّٰى سَلْسَبِیْلًا
عَيْنًا : ایک چشمہ فِيْهَا : اس میں تُسَمّٰى : موسوم کیا جاتا ہے سَلْسَبِيْلًا : سلسبیل
یعنی ایسے چشمہ سے جس کا نام سلسبیل ہوگا
48۔ الحکیم الترمذی نے نوادر الاصول میں حسن ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا چار چشمے جنت میں ہی : دو چشمے عرش کے نیچے سے بہتے ہیں ان میں ایک کا اللہ تعالیٰ نے اس طرح ذکر فرمایا آیت یفجرونہا تفجیرا اس کو آسانی سے بہا کرلے جائیں گے اور دوسرا زنجبیل ہے اور دو کے بارے میں فرمایا آیت عینا فیہا تسمی سلسبیلا ان دونوں باغوں میں خوب جوش مارتے ہوئے دو چشمے ہوں گے ان میں سے ایک کا ذکر اللہ تعالیٰ نے سلسبیل کے نام سے فرمایا اور دوسرا تسنیم ہے۔ روایت مرسل ضعیف السند ہے۔ 49۔ عبدالرزاق و سعید بن منصور وہناد وعبد بن حمید وابن المنذر والبیہقی نے مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ آیت عینا فیہا تسمی سلسبیلا۔ وہ وہاں ایک چشمہ ہے جس کا نام سلسبیل ہے۔ یعنی جس کا بہاؤ بہت تیز ہے۔ 50۔ ابن المنذر نے ضحاک (رح) سے روایت کیا کہ آیت عینا فیہا تسمی سلسبیل سے مراد ہے شراب کا چشمہ۔ 51۔ عبد بن حمید وابن جریر نے مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ آیت تسمی سلسبیلا سے مراد ہے کہ سلسبیل بڑی روانی کے ساتھ بہتا ہے۔ 52۔ عبدالرزاق وعبد بن حمید وابن جریر نے قتادہ (رح) نے آیت عینا فیہا تسمی سلسبیلا کے بارے میں روایت کیا کہ اس میں اتنی نرمی اور روانی ہے۔ اور وہ اس کو جہاں چاہیں گے بہاکر لے جائیں گے۔ اور فرمایا آیت حسبتہم لؤلؤا منثورا۔ تو خیال کرے گا کہ وہ بکھرے ہوئے موتی ہیں۔ یعنی ان کی خوبصورتی کی وجہ سے۔
Top