Tafseer-e-Madani - Al-Insaan : 18
عَیْنًا فِیْهَا تُسَمّٰى سَلْسَبِیْلًا
عَيْنًا : ایک چشمہ فِيْهَا : اس میں تُسَمّٰى : موسوم کیا جاتا ہے سَلْسَبِيْلًا : سلسبیل
یعنی ایک ایسے عظیم الشان چشمے سے (ان کی یہ تواضع کی جائے گی) جس کا نام وہاں پر سلسبیل ہوگا
24 ۔ اہل جنت کے لیے چشمہ سلسبیل کی بشارت کا ذکر وبیان : ۔ سو ارشاد سے واضح فرما دیا گیا کہ اہل جنت کو ایک اور خاص چشمے سے نوازا جائے گا جس کا نام سلسبیل ہوگا۔ اس کے لذیذ اور خوشگوار ہونے کی وجہ سے، کیونکہ عرب ایسے پانی کو جو کہ لذیذ اور خوشگوار ہو سلسل سلسال اور سلسبیل کہتے ہیں، (مراغی، مدارک، صفوہ وغیرہ) بہر کیف یہ ایک اور عظیم الشان چشمہ و گا جس سے حق تعالیٰ کی طرف سے اہل جنت کو نوازا جائے گا جس کا نام سلسبیل ہوگا، جس کے معنی زجاج کے نزدیک رواں دواں کے ہیں، جو اس کی روانی کے اعتبار سے رکھا گیا ہے، جو کہ اس کے گوناگوں اوصاف میں سے صرف ایک وصف ہے، باقی اس کی اصل اور پوری حقیقت تو وہیں معلوم ہو سکے گی، اللہ نصیب فرمائے آمین ثم آمین۔ بہرکیف چشمہ زنجیل جس کو سلسبیل کہا جائے گا جنت کے عظیم الشان اور بےمثال چشموں میں سے ایک ہوگا اور ناموں کے بارے میں حضرات اہل علم کا کہنا ہے کہ ان میں ان کی لغوی مفہوم کا اعتبار نہیں ہوتا اور نام ادنی مناسبت کے اعتبار سے بھی رکھے جاتے ہیں اور خاص کر جنت اور دوزخ کی حقائق کا تو مسئلہ ہی الگ ہے۔ ان کے بارے میں جتنے بھی نام قرآن حکیم میں ذکر فرمائے گئے ہیں انکے مسمیات کے اصل حقائق کا اس دنیا میں جاننا کسی کے لئے ممکن نہیں۔ ہمارے لئے بس اتنا ہی کافی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے ناموں سے آگاہ فرما دیا ان کی حقیقت انشاء اللہ وہیں جا کر معلوم ہوگی۔ اللہ نصیب فرمائے، آمین وباللہ التوفیق لمایحب ویریدو علی مایحب ویرید
Top