Kashf-ur-Rahman - Al-Maaida : 22
قَالُوْا یٰمُوْسٰۤى اِنَّ فِیْهَا قَوْمًا جَبَّارِیْنَ١ۖۗ وَ اِنَّا لَنْ نَّدْخُلَهَا حَتّٰى یَخْرُجُوْا مِنْهَا١ۚ فَاِنْ یَّخْرُجُوْا مِنْهَا فَاِنَّا دٰخِلُوْنَ
قَالُوْا : انہوں نے کہا يٰمُوْسٰٓى : اے موسیٰ اِنَّ فِيْهَا : بیشک اس میں قَوْمًا : ایک قوم جَبَّارِيْنَ : زبردست وَاِنَّا : اور ہم بیشک لَنْ نَّدْخُلَهَا : ہرگز داخل نہ ہوں گے حَتّٰي : یہانتک کہ يَخْرُجُوْا : وہ نکل جائیں مِنْهَا : اس سے فَاِنْ : پھر اگر يَّخْرُجُوْا : وہ نکلے مِنْهَا : اس سے فَاِنَّا : تو ہم ضرور دٰخِلُوْنَ : داخل ہوں گے
بنی اسرائیل نے جواب دیا اے موسیٰ اس ملک میں تو بڑے زور آور لوگ ہیں اور جب تک وہ لوگ وہاں سے نکل نہ جائیں ہم تو وہاں ہرگز قدم بھی نہ رکھیں گے ہاں اگر وہ زور آور لوگ وہاں سے نکل جائیں تو ہم وہاں ضرور داخل ہوجائیں گے۔4
4 بنی اسرائیل نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا یہ حکم سن کر جواب دیا کہ اے موسیٰ ! اس سر زمین میں تو بڑے زبردست اور زور آور قد آور لوگ رہتے ہیں اور جب تک وہ لوگ وہاں سے نکل نہ جائیں ہم تو اس سر زمین میں ہرگز قدم بھی نہ رکھیں گے ہاں ! اگر وہ زبردست اور زور آور لوگ اس سر زمین میں کس طرح نکل جائیں اور کہیں چلے جائیں تو بیشک ہم وہاں داخل ہوجائیں گے۔ (تیسیر) جہاد کے یہاں لوگوں نے مختلف معنی کئے ہیں ہم نے تیسیر میں سب معنی کی رعایت رکھی ہے اور یہ ہم ابھی عرض کرچکے ہیں کہ ان باروں سرداروں میں سے جن کو بطور جاسوس دریافت حال کے لئے بھیجا گیا تھا دس سرداروں نے تمام واقعات بیان کردیئے تھے اور عمالقہ کی حالت بیان کردی تھی کہ وہ لوگ نہایت زبردست اور آلات حرب سے پورے مسلح ہیں اور ہم تو ان کے آگے ٹڈے جیسے ہیں وہ بڑے قد آور اور جسیم ہیں یہ سن کر ان لوگوں کی ہمت پست ہوگئی اور سیدنا موسیٰ (علیہ الصلوۃ والسلام) کی تقریر سن کر کہنے لگے۔ جناب ہم میں ان لوگوں کے مقابلے کی طاقت نہیں ہے ہم تو اس وقت تک اس سر زمین میں قدم بھی نہیں رکھیں گے۔ اور جہاد کے ارادے سے داخل نہیں ہوں گے جب تک وہ لوگ وہاں سے کسی نہ کسی طرح نکل جائیں اور جب وہ وہاں سے نکل جائیں گے اور ارض مقدسہ کو خالی کردیں گے تو بیشک ہم وہاں داخل ہونے کو تیار ہیں اسی گفتگو کے دوران میں دو شخصوں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی تائید کی اور بنی اسرائیل کو ترغیب دی کہ تم ہمت کر کے شہر کے دروازے تک تو چلو اگر تم دروازے میں داخل ہوگئے تو یقین جانو ! تم پورے ملک پر قابض ہو جائو گے ان ہی دو شخصوں کا آگے مذکور ہے۔ (تسہیل)
Top