Tafseer-e-Madani - Al-Baqara : 115
وَ لِلّٰهِ الْمَشْرِقُ وَ الْمَغْرِبُ١ۗ فَاَیْنَمَا تُوَلُّوْا فَثَمَّ وَجْهُ اللّٰهِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ وَاسِعٌ عَلِیْمٌ
وَلِلّٰہِ : اور اللہ کے لیے الْمَشْرِقُ : مشرق وَالْمَغْرِبُ : اور مغرب فَاَيْنَمَا : سو جس طرف تُوَلُّوْا : تم منہ کرو فَثَمَّ : تو اس طرف وَجْهُ اللہِ : اللہ کا سامنا اِنَّ اللہ : بیشک اللہ وَاسِعٌ : وسعت والا عَلِیْمٌ : جاننے والا
اور اللہ (وحدہ لاشریک) ہی کے لئے ہے مشرق بھی، اور مغرب بھی، سو تم جدھر بھی رخ کرو گے وہاں اللہ کی ذات (اقدس و اعلیٰ ) کو پاؤ گے، بیشک اللہ (پاک سبحانہ و تعالیٰ ) بڑی وسعت والا، نہایت ہی علم والا ہے،
319 مشرق و مغرب سب اللہ ہی کیلئے ہے : کہ سب کا خالق بھی وہی ہے، اور مالک بھی وہی۔ اور سب پر حکم و تصرف بھی اسی وحدہ لاشریک کا چلتا ہے، اور اس کی رحمت و عنایت بھی ہر جگہ موجود ہے، اور اس کا علم بھی سب کو محیط، اور ہر زمان و مکان پر حاوی اور عام ہے۔ اور اس نے اپنے کرم بےپایاں سے تمام روئے زمین کو تمہارے لئے مسجد اور عبادت کی جگہ بنادیا ہے، اور اس کی مٹی کو تمہارے لئے " طہور " اور پاکی کا ذریعہ۔ پس اگر کہیں ظالم تمہیں اللہ کی مسجد سے روک دیں، یا مسجدوں کو منہدم کردیں، جیسا کہ ظالموں نے کیا ہے، اور کر رہے ہیں، تو تمہارے لئے اپنے خالق ومالک کی عبادت و بندگی کے شرف سے محرومی پھر بھی نہیں، کیونکہ اس کی پیدا کردہ اس وسیع و عریض دھرتی میں تم جہاں چاہو اس کے حضور سجدہ ریز ہوسکتے ہو۔ اور اس کے حضور سجدہ ریزی سے اپنے لیے سعادت دارین کا سامان کرسکتے ہو ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید ۔ 320 اللہ تعالیٰ کی رحمت و عنایت ہر جگہ : یعنی اس کے کرم اور اس کی عنایت کو تم وہاں موجود پاؤ گے، اور اس کی رحمت تمہیں اپنے آغوش میں لے لیگی ورنہ وہ جسم اور جسمانیت کے تقاضوں سے پاک اور وراء الوراء ہے۔ اور وہ ایسا نہیں کہ کسی ایک جگہ ہو اور دوسری جگہ نہ ہو، اور اس نے جو تمہارے لئے ایک قبلہ مقرر فرمایا ہے، تو وہ خود تمہاری توحید صفوف، اطمینان قلوب، وغیرہ ان مصالح و حکم کی بنا پر فرمایا ہے، جن کا علم و احاطہ اس کے سوا اور کسی کو نہیں ہوسکتا، اور جہاں حالات و حوادث کی بنا پر تمہارے لئے استقبال قبلہ کا یہ حکم متعذر ہو تو وہاں تمہارے لئے یہ پابندی اب بھی ضروری نہیں رہتی۔ مثلاً دشمن کے خوف اور مقابلے کی وجہ سے، یا رات کے اندھیرے وغیرہ ایسے عوارض کی بناء پر، جہاں تمہارے لئے جہت قبلہ پہنچاننا ممکن نہ رہے، یا تم کسی ایسی سواری پر نماز پڑھتے ہو، جہاں استقبال قبلہ بھی دشوار ہو، اور سواری سے اترنا بھی، جیسے ہوائی جہاز یا ٹرین وغیرہ پر سفر کے دوران، تو تم بقدر امکان جہت قبلہ متعین کرنے کے بعد جدھر بھی رخ کر کے نماز پڑھو، پڑھ سکتے ہو (المعارف للکاندہلوی (رح) ) ۔
Top