Tafseer-e-Madani - Al-Qasas : 7
وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰۤى اُمِّ مُوْسٰۤى اَنْ اَرْضِعِیْهِ١ۚ فَاِذَا خِفْتِ عَلَیْهِ فَاَلْقِیْهِ فِی الْیَمِّ وَ لَا تَخَافِیْ وَ لَا تَحْزَنِیْ١ۚ اِنَّا رَآدُّوْهُ اِلَیْكِ وَ جَاعِلُوْهُ مِنَ الْمُرْسَلِیْنَ
وَاَوْحَيْنَآ : اور ہم نے الہام کیا اِلٰٓى : طرف۔ کو اُمِّ مُوْسٰٓى : موسیٰ کو اَنْ اَرْضِعِيْهِ : کہ تو دودھ پلاتی رہ اسے فَاِذَا : پھر جب خِفْتِ عَلَيْهِ : تو اس پر ڈرے فَاَلْقِيْهِ : تو ڈالدے اسے فِي الْيَمِّ : دریا میں وَ : اور لَا تَخَافِيْ : نہ ڈر وَلَا تَحْزَنِيْ : اور نہ غم کھا اِنَّا : بیشک ہم رَآدُّوْهُ : اسے لوٹا دیں گے اِلَيْكِ : تیری طرف وَجَاعِلُوْهُ : اور اسے بنادیں گے مِنَ : سے الْمُرْسَلِيْنَ : رسولوں (جمع)
اور آغاز اس سکیم کا اس طرح ہوا کہ ہم نے موسیٰ کی ماں کو الہام کے ذریعے بتادیا کہ تم اس کو دودھ پلاتی رہو پھر جب تمہیں اس کی جان کے بارے میں خطرہ محسوس ہونے لگے تو تم اس کو بےکھٹکے دریا میں ڈال دینا اور اس بارہ نہ کوئی خوف رکھنا اور نہ اندیشہ یقینا ہم اسے واپس لے آئیں گے تمہارے پاس اور اس سے بھی بڑھ کر خوشخبری یہ کہ ہم اسے رسولوں میں سے بنانے والے ہیں
9 امِّ موسیٰ کی وحی والہام کا ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " ہم نے موسیٰ کی والدہ کو الہام کے ذریعے بتادیا کہ تم اس بچے کو دودھ پلاتی رہو۔ پھر جب اس کے بارے میں خطرہ محسوس ہونے لگے تو تم اس کو دریا میں ڈال دینا " اور یہ الہام یا خواب میں فرمایا گیا تھا یا فرشتے کے ذریعے یا یونہی دل میں ڈال دیا گیا تھا۔ { اوحینا } کا مفہوم ان سب ہی صورتوں کو عام اور شامل ہے۔ بہرحال یہ وحی نبوت و رسالت کی وحی نہیں تھی کہ والدئہ موسیٰ نبیہ بہرحال نہیں تھیں۔ اور علمائے امت کا اس پر اجماع ہے کہ کوئی خاتون نہ کبھی نبی ہوئی نہ ہوسکتی ہے بلکہ اس شرف سے ہمیشہ مردوں ہی کو نوازا گیا ہے۔ بہرکیف حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی والدہ ماجدہ کو وحی والہام کے ذریعے یہ ہدایت فرمائی گئی کہ وہ اپنے اس بچے کو دودھ پلاتی رہیں۔ اور جب انکے بارے میں فرعونیوں سے خوف محسوس کریں تو انکو دریا میں ڈال دیں اور انکے بارے میں کوئی فکر و اندیشہ نہ کریں۔ ہم ان کی حفاظت کریں گے۔ اور ہم اس کو واپس تمہارے پاس لے آئیں گے۔ اور ہم اس کو رسولوں میں سے کردیں گے۔ اس لیے تم اس کے بارے میں مطمئن رہنا اور کسی طرح کا فکر و اندیشہ اپنے دل میں نہ رکھنا۔ اور بعد میں وعدئہ خداوندی کی مطابق ایسے ہی ہوا۔
Top