Tafseer-e-Madani - An-Naba : 10
وَّ جَعَلْنَا الَّیْلَ لِبَاسًاۙ
وَّجَعَلْنَا : اور بنایا ہم نے الَّيْلَ : رات کو لِبَاسًا : لباس/ پردہ پوش
اور ہم ہی نے بنایا رات کو ایک عظیم الشان لباس
(8) لباس شب میں سامان غور و فکر : سو لباس شب قدرت کا ایک عظیم الشان اور بےمثال انعام و احسان ہے، جس سے اس نے محض اپنی رحمت و عنایت سے بندوں کو نوازا ہے، چناچہ یہاں پر اس بارہ ارشاد فرمایا گیا کہ ہم ہی نے بنایا رات کو ایک عظیم الشان لباس، ایسا عظیم الشان لباس کہ اس کی دوسری کوئی نظیر و مثال ممکن نہیں ہے، جو ایسے عظیم الشان طریقے سے تمہاری پردہ داری کرتا ہے کہ تمہارے کتنے ہی ایسے اہم کام ہوتے ہیں جو تم دن کے اجالے میں نہیں کرسکتے، وہ تاریکی و شب کے اس عظیم الشان اور بےمثل پردے میں ہی انجام دیتے ہو، اور جس طرح لباس انسان کو اپنے اندر چھپا لیتا ہے اور اس کو سکون و اطمینان بخشتا ہے، اسی طرح شب تاریکی کی یہ عظیم الشان چادر اس کو اپنے اندر چھپا لیتی ہے، جس سے وہ خلل انداز ہونے والی چیزوں سے محفوظ ہو کر پورے سکون کے ساتھ آرام کرتا ہے، اور پھر از سر نو تازہ دم ہو کر میدان عمل میں اترنے کے لیے تیار ہوجاتا ہے۔ سو اندھیری رات کا یہ عظیم الشان لباس جو ساری دنیا پر ایک عظیم الشان اور پرسکون چادر کے طور پر تن جاتا ہے قدرت کا کتنا بڑا اور کس قدر عظیم الشان اور بےمثل انعام و احسان ہے۔ سبحانہ وتعالی۔ سو پھر بھی اس سے اعراض و انکار اور اس سے روگردانی کتنا بڑا ظلم اور کتنی بڑی بےانصافی ہے۔ والعیاذ باللہ۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اور ہر اعتبار سے اپنا ہی بنائے رکھے اور ہمیشہ اور ہر اعتبار سے اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے۔ آمین ثم آمین، یا رب العالمین
Top