Tafseer-e-Majidi - Aal-i-Imraan : 92
لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتّٰى تُنْفِقُوْا مِمَّا تُحِبُّوْنَ١ؕ۬ وَ مَا تُنْفِقُوْا مِنْ شَیْءٍ فَاِنَّ اللّٰهَ بِهٖ عَلِیْمٌ
لَنْ تَنَالُوا : تم ہرگز نہ پہنچو گے الْبِرَّ : نیکی حَتّٰى : جب تک تُنْفِقُوْا : تم خرچ کرو مِمَّا : اس سے جو تُحِبُّوْنَ : تم محبت رکھتے ہو وَمَا : اور جو تُنْفِقُوْا : تم خرچ کروگے مِنْ شَيْءٍ : سے (کوئی) چیز فَاِنَّ : تو بیشک اللّٰهَ : اللہ بِهٖ : اس کو عَلِيْمٌ : جاننے والا
جب تک اپنی محبوب چیزوں کو خرچ نہ کرو گے (کامل) نیکی (کے مرتبہ) کو نہ پہنچ سکو گے،198 ۔ اور جو کچھ بھی کسی چیز سے خرچ کرتے رہتے ہو اللہ اس سے خوب واقف ہے،199 ۔
198 ۔ (اے مسلمانو ! ) (آیت) ” البر “۔ مطلق نیکی کو کہتے ہیں، یہاں مراد کمال خیر ہے۔ اور نیکی کا درجہ اعلی یا یہ کہا جائے گا کہ حقیقت خیر ابواب خیر کی جامعیت ہی مراد لی گئی ہے۔ البر الاحسان و کمال الخیر (روح) ای لن تبلغوا حقیقۃ البر (مدارک) قال ابو منصور البر خیر الدنیا والاخیرۃ (تاج) (آیت) ” تنفقوا “۔ یعنی اللہ اور اس کے دین کی راہ میں نہ خرچ کروگے، انفاق یہاں بہت وسیع معنی میں ہے اس میں خیر یا نیکی کے تمام ابواب آگئے۔ قیلھی سبل الخیر کلھا وھی الصحیح لعموم الایۃ (ابن عربی) قال الزجاج کل ماتقرب بہ الی اللہ من عمل خیر (بحر) قال الزجاج قال بعضہم کل ما تقرب بہ الی اللہ عزوجل من عمل خیر فھو انفاق (تاج) (آیت) ” مما تحبون “۔ محبوب چیز کے ماتحت ہر وہ چیز آجاتی ہے جسے انسان عزیز رکھتا ہے، مال، دولت، عزت، حکومت، قوت، وقت وغیرہ تنہا مال و دولت ہی مقصود نہیں، بعض اوقات جاہ قربانی مال کی قربانی سے کہیں زیادہ سخت و دشوار ہوتی ہے۔ ای من المال اومایعمہ وغیرہ کبذل الجاہ فی معاونۃ الناس والبدن فی طاعۃ اللہ۔۔۔ فی سبیلہ (بیضاوی) (آیت) ” مما “۔ میں من تبعیض کے لیے ہے۔ من فی مما تحبون للتبعیض (بحر) ،199 ۔ (اور وہ جزا بھی اسی کے مطابق دے گا) مطلب یہ ہے کہ نیک کام کے لیے جو کچھ بھی لگاؤ گے اس کا اجر تو بہرحال ملے گا۔ باقی خیر کامل کا جو درجہ اعلی ہے وہ تو اسی وقت حاصل ہوگا جب راہ حق میں اپنے محبوبات ومرغوبات کی قربانی پیش کرو۔ والحاصل انہ لا وصول الی المطلوب الا باخراج المحبوب (مدارک) (آیت) ” من شیء “۔ یعنی عام اس سے کہ وہ محبوب ہو یا نہ ہو۔ من یہاں تبیعین کے لیے ہے۔ من للتبیین ای من ای شیء کان۔ (مدارک) ای من ای شیء محبوب او غیرہ ومن لبیان ما (بیضاوی)
Top