Tafseer-e-Mazhari - At-Taghaabun : 17
اِنْ تُقْرِضُوا اللّٰهَ قَرْضًا حَسَنًا یُّضٰعِفْهُ لَكُمْ وَ یَغْفِرْ لَكُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ شَكُوْرٌ حَلِیْمٌۙ
اِنْ تُقْرِضُوا : اگر تم قرض دو گے اللّٰهَ : اللہ کو قَرْضًا حَسَنًا : قرض حسنہ يُّضٰعِفْهُ لَكُمْ : وہ دوگنا کردے گا اس کو تمہارے لیے وَيَغْفِرْ لَكُمْ : اور بخش دے گا تم کو وَاللّٰهُ : اور اللہ شَكُوْرٌ حَلِيْمٌ : قدردان ہے ، بردبار ہے
اگر تم خدا کو (اخلاص اور نیت) نیک (سے) قرض دو گے تو وہ تم کو اس کا دوچند دے گا اور تمہارے گناہ بھی معاف کردے گا۔ اور خدا قدر شناس اور بردبار ہے
ان تفرضوا اللہ قرضا حسنا یضعفہ لکم و یغفرلکم واللہ شکور رحلیم اور اگر تم اللہ کو اچھی طرح (خلوص کے ساتھ) قرض دو گے تو وہ اس کو تمہارے لیے بڑھاتا چلا جائے گا اور تمہارے گناہ بخش دے گا ‘ اللہ بڑا قدر دان ہے (کہ نیک اعمال کا کئی گنا اجر دیتا ہے) اِنْ تُقْرِضُوا اللہ : اللہ کو قرض دینے کے معنی ہیں اللہ کے بندوں کو قرض دینا اور قرض دینے کا مطلب ہے اللہ کی راہ میں بامید ثواب خرچ کرنا۔ قَرْضًا حَسَنًا : یعنی خلوص قلب کے ساتھ ‘ بخوشی خاطر بغیر دکھاوٹ اور طلب شہرت کے دینا ‘ جس سے لینے والے پر نہ احسان رکھا جائے نہ اس کو دکھ دیا جائے۔ یُضٰعِفْہُ لَکُمْ : یعنی دس گنے سے لے کر سات سو گنے تک بلکہ اس سے بھی زیادہ جتنا اللہ چاہے گا ‘ اجر عطا فرمائے گا۔ اللہ نے فرمایا ہے : مَثَلُ الَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَھُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللہ کَمَثَلِ حَبَّۃٍ اَنْبَتَتْ سَبْحَ سَنَابِلَ فِیْ کُلِّ سُنْبُلَۃٍ مِأَۃُ حَبَّۃٍ وَ اللہ ُ یُضَاعِفُ لِمَنْ یَّشَآءُ وَ اللہ ُ وَاسِعٌ عَلِیْمٌ۔ وَیَغْفِرْلَکُمْ : اور راہ خدا میں خرچ کرنے کی برکت سے تمہارے گناہ معاف کر دے گا۔ وَ اللہ ُ شَکُوْرٌ : اور اللہ قدر دان ہے یعنی تھوڑے کے بدلہ میں بہت دینے والا ہے۔ حَلِیْمٌ : یعنی سزا دینے میں جلدی نہیں کرتا ‘ فوراً سزا نہیں دیتا۔
Top