Tafseer-e-Madani - Yaseen : 78
وَ ضَرَبَ لَنَا مَثَلًا وَّ نَسِیَ خَلْقَهٗ١ؕ قَالَ مَنْ یُّحْیِ الْعِظَامَ وَ هِیَ رَمِیْمٌ
وَضَرَبَ : اور اس نے بیان کی لَنَا : ہمارے لیے مَثَلًا : ایک مثال وَّنَسِيَ : اور بھول گیا خَلْقَهٗ ۭ : اپنی پیدائش قَالَ : کہنے لگا مَنْ يُّحْيِ : کون پیدا کرے گا الْعِظَامَ : ہڈیاں وَهِىَ : اور جبکہ وہ رَمِيْمٌ : گل گئیں
اور وہ ہمارے لئے تو مثالیں بیان کرتا ہے مگر خود اپنی پیدائش کو بھول جاتا ہے کہتا ہے کہ کون زندہ کرے گا ان ہڈیوں کو جب کہ یہ بوسیدہ ہوچکی ہوں گی ؟1
80 انسان کی خودفراموشی کا ایک نمونہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ منکر انسان ہمارے لیے مثالیں گھڑتا ہے اور خود اپنے آپ کو اور اپنی تخلیق کو بھول جاتا ہے حالانکہ ایک وقت وہ تھا جبکہ خود اس کا کوئی نام و نشان تک نہیں تھا ۔ { لَمْ یَکُنْ شَیْئًا مَّذْکُوْرًا } ۔ تو جب اس عدم محض اور نیستی مطلق سے نکال کر اللہ پاک نے اس کو وجود بخشا اور اس کو ایسا عمدہ انسان بنادیا تو پھر آخر اس قادر مطلق کے لئے اسے دوبارہ پیدا کرلینا کیوں اور کیا مشکل ہوسکتا ہے ؟ سو انسان اگر خود اپنے بارے میں صحیح طور پر غور و فکر سے کام لے تو حق اور حقیقت اس کیلئے پوری طرح واضح ہوجائے۔ لیکن وہ خودفراموشی کا شکار ہے اور اس کی خود فراموشی اور کفران نعمت کا ایک کھلا نمونہ اور مظہر ہے کہ یہ اپنے خالق ومالک ہی کے بارے میں ایسی مثالیں گھڑنے لگتا ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ نفس و شیطان کے ہر مکر و فریب سے اپنی پناہ میں رکھے ۔ آمین۔ 81 منکرین کا ایک اچنبھا اور اس کا جواب : سو منکر انسان کے اس اچنبھے کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا گیا کہ وہ کہتا ہے کہ " کون زندہ کرے گا ان ہڈیوں کو جبکہ یہ بوسیدہ ہوچکی ہونگی ؟ "۔ جیسا کہ روایات کے مطابق ابی بن خلف یا عاص بن وائل نے آنحضرت ﷺ کی خدمت میں ایک بوسیدہ ہڈی پیش کر کے پوچھا تھا کہ اس کو کون زندہ کرے گا جبکہ یہ اس طرح گل سڑ چکی ہوگی ؟ یعنی ان لوگوں کے نزدیک ایسے لوگوں کا دوبارہ زندہ ہو کر اٹھنا ایک ناممکن اور انہونی بات ہے جبکہ ان کی ہڈیاں بھی گل سڑ چکی ہونگی۔ سو منکرین کے اس اچنبھے کے جواب اور ان کے اس شبہ کی تردید میں ارشاد فرمایا گیا کہ ان کو وہی دوبارہ پیدا کرے گا جس نے ان کو پہلی مرتبہ زندگی بخشی۔ بھلا جو نیست سے ہست کرسکتا ہے اور عدم محض کے اندھیروں سے نکال کر وجود کی روشنی میں لاسکتا ہے اس کے لیے اعادہ یعنی دوبارہ پیدا کرنا آخر کیوں اور کیا مشکل ہوسکتا ہے ؟۔ مگر منکرین کی مت ماری کے باعث ان کو یہ صاف بات سمجھ نہیں آتی ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top