Ruh-ul-Quran - Saad : 82
قَالَ فَبِعِزَّتِكَ لَاُغْوِیَنَّهُمْ اَجْمَعِیْنَۙ
قَالَ : اس نے کہا فَبِعِزَّتِكَ : سو تیری عزت کی قسم لَاُغْوِيَنَّهُمْ : میں ضرور انہیں گمراہ کروں گا اَجْمَعِيْنَ : سب
اس نے کہا تیری عظمت کی قسم، میں ان سب کو بہکا کر رہوں گا
قَالَ فَبِعِزَّتِکَ لَاُغْوِیَنَّھُمْ اَجْمَعِیْنَ ۔ اِلاَّ عِبَادَکَ مِنْھُمُ الْمُخْلَصِیْنَ ۔ (صٓ: 82، 83) (اس نے کہا تیری عظمت کی قسم، میں ان سب کو بہکا کر رہوں گا۔ بجز تیرے ان بندوں کے جنھیں تو نے خاص کرلیا ہے۔ ) جیسے ہی اسے مہلت ملی اور اسے اطمینان ہوگیا کہ اب میں اپنی انتقامی کارروائی میں آزاد ہوں تو اس نے نہایت طنطنہ کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی عزت و عظمت کی قسم کھا کر کہا کہ اب میں ان سب کو گمراہ کرکے چھوڑوں گا۔ میں ان میں سے ہر ایک کو بہکائوں گا اور یہ میرے بہکانے کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔ بجز ان لوگوں کے جنھیں تو نے بندگی کے لیے خاص کرلیا ہے۔ اس طرح سے میں یہ ثابت کردوں گا کہ میرا آدم کو سجدہ نہ کرنا کوئی غلط فیصلہ نہ تھا۔ وہ اس عزت و شرف کا ہرگز اہل نہ تھا جو اسے عطا کردیا گیا۔
Top