Al-Quran-al-Kareem - Al-Hadid : 17
اِعْلَمُوْۤا اَنَّ اللّٰهَ یُحْیِ الْاَرْضَ بَعْدَ مَوْتِهَا١ؕ قَدْ بَیَّنَّا لَكُمُ الْاٰیٰتِ لَعَلَّكُمْ تَعْقِلُوْنَ
اِعْلَمُوْٓا : جان لو اَنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ تعالیٰ يُحْيِ الْاَرْضَ : زندہ کرتا ہے زمین کو بَعْدَ مَوْتِهَا ۭ : اس کی موت کے بعد قَدْ بَيَّنَّا : تحقیق بیان کیں ہم نے لَكُمُ : تمہارے لیے الْاٰيٰتِ : آیات لَعَلَّكُمْ : تاکہ تم تَعْقِلُوْنَ : تم عقل سے کام لو
جان لو کہ بیشک اللہ زمین کو اس کی موت کے بعد زندہ کرتا ہے، بلاشبہ ہم نے تمہارے لیے آیات کھول کر بیان کردی ہیں، تاکہ تم سمجھو۔
1۔ اِعْلَمُوْٓا :”جان لو“ اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ یہ بات نہیں جانتے تھے کہ اللہ تعالیٰ زمین کو مرنے کے بعد زندہ کردیتا ہے ، بلکہ یہ ایسے ہی ہے جیسے فرمایا :(وَاعْلَمُوْٓا اَنَّ اللہ یَعْلَمُ مَا فِیْٓ اَنْفُسِکُمْ فَاحْذَرُوْہُ ج) (البقرہ : 235)”اور جان لو کہ اللہ جانتا ہے جو تمہارے دلوں میں ہے ، پس اس سے ڈرو“۔ مقصد یہ ہے کہ یہ بات پوری توجہ سے سنو ، اس پر غور کرو اور ہر وقت اسے پیش نظر رکھو۔ 2۔ اَنَّ اللہ یُحْیِ الْاَرْضَ بَعْدَ مَوْتِھَا ط۔۔۔۔: اس میں اللہ کی طرف رجوع کی اور گزشتہ کوتاہیوں کی تلافی کی ترغیب اور اپنی رحمت و مغفرت کی امید دلائی ہے ، یعنی اگر تمہاری کوتاہیوں کی وجہ سے دلوں میں سختی پیدا ہوچکی ہے اور ان میں آیات الٰہی سننے سے نرمی پیدا نہیں ہوتی تو اب بھی موقع ہے کہ اس کی تلافی کرلو ، پھر جب تم پلٹ آؤ گے تو وہ اللہ جو زمین کو اس کی موت کے بعد زندہ کردیتا ہے ، وہ تمہارے مردوں دلوں کو بھی زندگی بخش دے گا۔
Top