Anwar-ul-Bayan - At-Taghaabun : 3
خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بِالْحَقِّ وَ صَوَّرَكُمْ فَاَحْسَنَ صُوَرَكُمْ١ۚ وَ اِلَیْهِ الْمَصِیْرُ
خَلَقَ السَّمٰوٰتِ : اس نے پیدا کیا آسمانوں کو وَ : اور الْاَرْضَ : زمین کو بِالْحَقِّ : حق کے ساتھ وَصَوَّرَكُمْ : اور صورت بنائی تمہاری فَاَحْسَنَ : تو اچھی بنائیں صُوَرَكُمْ : صورتیں تمہاری وَاِلَيْهِ الْمَصِيْرُ : اور اسی کی طرف لوٹنا ہے
اس نے پیدا فرمایا آسمانوں کو اور زمین کو حق کیساتھ اور تمہاری صورتیں بنادیں سو اچھی بنائیں اسی کی طرف لوٹ جانا ہے،
اللہ تعالیٰ نے آسمان اور زمین کو حکمت سے پیدا فرمایا اور تمہاری اچھی صورتیں بنائیں : ﴿خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بالْحَقِّ ﴾ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں کو اور زمین کو حق (یعنی حکمت) کے ساتھ پیدا فرمایا ﴿ وَ صَوَّرَكُمْ فَاَحْسَنَ صُوَرَكُمْ 1ۚ﴾ اللہ تعالیٰ نے تمہاری صورتیں بنائیں سو تمہاری اچھی صورتیں بنائیں۔ اس میں انسانوں پر امتنان فرمایا اور اپنے ایک احسان عظیم کا تذکرہ فرمایا کہ اللہ نے ماؤں کے رحموں میں تمہاری صورتیں بنا دیں اور اچھی صورتیں بنائیں ہاتھ، پاؤں آنکھ ناک قد وقامت کے اعتبار سے جو اعضاء انسانی میں تناسب ہے اور ساتھ ہی حسن و جمال ہے۔ ان سب کو دیکھ کر انسانوں کو اپنے خالق کا شکر گزار ہونا چاہئے۔ صورت اور شکل کے اعتبار سے جو انسان کی برتری ہے اسے انسان ہی سمجھتا ہے۔ زمین پر جو دوسری چیزیں رہتی اور بستی ہیں ان میں سے کوئی چیز کتنی بھی خوبصورت ہو اور کوئی انسان کتنا بھی بدصورت ہو وہ کبھی بھی یہ گوارا نہیں کرے گا کہ اس کی انسانی صورت سلب کرلی جائے اور وہ غیر انسانی صورت میں منتقل کردیا جائے۔ ﴿وَ اِلَيْهِ الْمَصِيْرُ 003 ﴾ (اور اللہ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے) وہی خالق ہے اور وہی مصور ہے اور اسی کی طرف سب کو جانا ہے۔ لہٰذا انسانوں کو اسی کی طرف متوجہ رہنا لازم ہے اسی کی عبادت کریں اور اس کا شکر ادا کریں اور اس کی یاد میں لگے رہیں۔
Top