Tafseer-e-Mazhari - At-Taghaabun : 3
خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بِالْحَقِّ وَ صَوَّرَكُمْ فَاَحْسَنَ صُوَرَكُمْ١ۚ وَ اِلَیْهِ الْمَصِیْرُ
خَلَقَ السَّمٰوٰتِ : اس نے پیدا کیا آسمانوں کو وَ : اور الْاَرْضَ : زمین کو بِالْحَقِّ : حق کے ساتھ وَصَوَّرَكُمْ : اور صورت بنائی تمہاری فَاَحْسَنَ : تو اچھی بنائیں صُوَرَكُمْ : صورتیں تمہاری وَاِلَيْهِ الْمَصِيْرُ : اور اسی کی طرف لوٹنا ہے
اسی نے آسمانوں اور زمین کو مبنی برحکمت پیدا کیا اور اسی نے تمہاری صورتیں بنائیں اور صورتیں بھی پاکیزہ بنائیں۔ اور اسی کی طرف (تمہیں) لوٹ کر جانا ہے
خلق السموات والارض بالحق و صورکم فاحسن صورکم ولیہ المصیر . ” اسی نے آسمانوں کو اور زمین کو ٹھیک ٹھیک پیدا کیا اور تمہاری صورتیں بنائیں ‘ سو اچھی صورتیں بنائیں اور اسی کے پاس لوٹ کر جانا ہے۔ “ بِالْحَقِّ : یعنی کامل حکمت کے ساتھ پیدا کیا کہ یہ ساری کائنات ایک صانع حکیم کی ہستی اور وحدانیت کی نشاندہی کر رہی ہے۔ وَصَوَّرَکُمْ : اور اے لوگو ! اللہ نے تمہارے نقشے بنائے۔ فَاَحْسَنَ صُوَرَکُمْ : اور تمام حیوانوں سے زیادہ خوب صورت تمہارے نقشے بنائے ‘ ظاہر میں بھی (کہ دیکھنے میں سب سے اچھے دکھائی دیتے ہو) اور باطنی طور پر بھی (تمام جہان سے زیادہ علم ‘ عقل اور معرفت کے حامل ہو) ۔ وَاِلَیْہِ الْمَصِیْرُ : اور اسی کی طرف تم سب کو لوٹ کر جانا ہے اس لیے خصائل مذمومہ اور برے اعمال کو اختیار کر کے اپنی صلاحیت کو ضائع نہ کرو ورنہ (دوسری زندگی میں) تم کو بدترین صورتوں پر اٹھایا جائے گا۔
Top