Anwar-ul-Bayan - An-Najm : 24
اَمْ لِلْاِنْسَانِ مَا تَمَنّٰى٘ۖ
اَمْ لِلْاِنْسَانِ : یا انسان کے لیے ہے مَا تَمَنّٰى : جو وہ تمنا کرے
کیا جس چیز کی انسان آرزو کرتا ہے وہ اسے ضرور ملتی ہے ؟
(53:24) ام استفہام انکاری کے لئے ہے الانسان سے مراد یا تو کافر ہے یا عام انسان ۔ پہلی صورت میں مفہوم ہوگا :۔ ان کفار نے ان بتوں سے جو طرح طرح کی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں یہ محض دھوکہ اور فریب ہے ان کی یہ توقعات کبھی بھی پوری نہ ہوں گی۔ دوسری صورت میں مفہوم ہوگا :۔ ایسا نہیں ہوا کرتا کہ انسان جو چاہے وہ ضرور پورا ہوکر رہے۔ ہر چیز اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے اس دنیا میں جو کچھ ہوا اور جو کچھ ہو رہا ہے اس کے اذن سے ہو رہا ہے۔ اور عالم آخرت میں جو کچھ ہوگا اس کے حکم سے ہوگا۔ ما تمنی : ما موصولہ تمنی اس کا صلہ۔ ماضٰ واحد مذکر غائب ۔ تمنی (تفعل) مصدر۔ بمعنی چاہنا۔ تمنا کرنا، آرزو کرنا۔ جس کی وہ تمنا کرتا ہے۔
Top