Tafseer-e-Baghwi - Aal-i-Imraan : 6
هُوَ الَّذِیْ یُصَوِّرُكُمْ فِی الْاَرْحَامِ كَیْفَ یَشَآءُ١ؕ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الْعَزِیْزُ الْحَكِیْمُ
ھُوَ : وہی ہے الَّذِيْ : جو کہ يُصَوِّرُكُمْ : صورت بناتا ہے تمہاری فِي : میں الْاَرْحَامِ : رحم (جمع) كَيْفَ : جیسے يَشَآءُ : وہ چاہے لَآ اِلٰهَ : نہیں معبود اِلَّا ھُوَ : اس کے سوا الْعَزِيْزُ : زبردست الْحَكِيْمُ : حکمت والا
وہی تو ہے جو (ماں کے پیٹ) جیسی چاہتا ہے تمہاری صورتیں بناتا ہے اس غالب حکمت والے کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں
6۔ (آیت)” (ھو الذی ۔۔۔۔۔۔ یشاء اللہ وہ ذات ہے جو ماں کے پیٹ میں تمہاری صورتیں بناتا ہے جیسی چاہتا ہے) مختلف صورتیں خواہ وہ مذکر ہوں یا مؤنث سفید ہوں یا سیاہ خوبصورت ہوں یا بدصورت ، مکمل ہوں یا ناقص (لا الہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ الحکیم اس (علیہ السلام) اللہ کے بیٹے ہیں ، گویا انہوں نے یہ کہا کہ وہ بیٹا کیسے ہوسکتا ہے حالانکہ اس نے ماں کے پیٹ میں صورت بنائی ۔ عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ ہم سے رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جو صادق ومصدوق ہیں تم میں ہر ایک شخص کو ماں کو پیٹ میں چالیس دن تک نطفہ رکھا جاتا ہے ، پھر علقمہ بن جاتا ہے، پھر وہ گوشت کا ٹکڑا پھر اس کے بعد فرشتے کو چار چیزیں لکھنے کے لیے بھیجتا ہے تو فرشتہ اس کا رزق اس کا عمل اور اس کی اجل (مدت زندگی) اور اس کا نیک بخت ہونا یا بدبخت ہونا لکھ دیا جاتا ہے ، آپ ﷺ نے پھر ارشاد فرمایا کہ تم میں سے بعض لوگ جنتیوں والے اعمال کرتے رہتے ہیں اور ایک گز کا فاصلہ باقی رہتا ہے تو تقدیر سبقت کرتی ہے تو وہ شخص دوزخیوں کے اعمال کرتا ہے اور دوزخ میں چلا جاتا ہے اور کچھ لوگ دوزخیوں جیسے اعمال کرتے رہتے ہیں حتی کہ ایک گز کا فاصلہ باقی رہتا ہے تو تقدیر سبقت کرتی ہے تو یہ شخص اہل جنت کا کام کرتا ہے اور جنت میں داخل ہوجاتا ہے ، حضرت حذیفہ بن اسید ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ رحم کے اندر نطفہ کے چالیس یا پینتالیس راتیں گزرنے کے بعد ایک فرشتہ اس کے پاس آتا ہے اور عرض کرتا ہے کہ اے میرے رب ! یہ نیک ہے یا بد ؟ تو اس کے لیے ایسا ہی لکھا جاتا ہے پھر وہ اپنے رب سے کہتا ہے اے میرے رب ! یہ مذکر ہے یا مؤنث ؟ پھر اس کے لیے یہ بھی لکھی جاتی ہیں ، اسی طرح اس کے اعمال اس کی زندگی اس کا رزق لکھ دیا جاتا ہے پھر وہ مکتوب لپیٹ دیا جاتا ہے نہ اس میں کوئی کمی کی جاتی ہے اور نہ ہی اس میں زیادتی کی جاتی ہے ۔
Top