Kashf-ur-Rahman - Ash-Shura : 17
اَللّٰهُ الَّذِیْۤ اَنْزَلَ الْكِتٰبَ بِالْحَقِّ وَ الْمِیْزَانَ١ؕ وَ مَا یُدْرِیْكَ لَعَلَّ السَّاعَةَ قَرِیْبٌ
اَللّٰهُ الَّذِيْٓ : اللہ وہ ذات ہے اَنْزَلَ الْكِتٰبَ بالْحَقِّ : جس نے نازل کی کتاب حق کے ساتھ وَالْمِيْزَانَ : اور میزان کو وَمَا يُدْرِيْكَ : اور کیا چیز بتائے تجھ کو لَعَلَّ السَّاعَةَ : شاید کہ قیامت قَرِيْبٌ : قریب ہی ہو
اللہ تعالیٰ وہ ہے جس نے دین حق پر مشتمل کتاب اور ترازو یعنی عدل و انصاف کا حکم نازل فرمایا اور آپ کو کیا خبر شاید قیامت قریب ہی ہو ۔
(17) اللہ تعالیٰ وہ ہے جس نے دین حق پر مشتمل کتاب نازل فرمائی اور نیز ترازو نازل فرمائی یعنی عدل و انصاف کا حکم نازل فرمایا اور اپنے پیغمبر آپ کو کیا خبر شاید قیامت قریب ہی ہو۔ یعنی قرآن جو سچے دین کو شامل ہے اور جس میں سچے دین کی تعلیم موجود ہے اور ترازو یعنی عدل و انصاف کا حکم نازل فرمایا ہوسکتا ہے کہ عین ترازو نازل کی گئی ہو۔ جیسا کہ بعض مفسرین نے فرمایا کہ یہ ترازو نوح (علیہ السلام) کے زمانے میں نازل کی گئی ترازو یا میزان ایک آلہ ہے انصاف اور تسویہ کا بہرحال معاملات میں عدل و انصاف چونکہ بہت ضروری ہے اس لئے تمام انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کی شرائع میں اس کی تاکید ہے اور چونکہ قیامت کے دن بھی اعمال وزن کئے جائیں گے اس مناسبت سے قیامت کا ذکر بھی فرمایا کہ آپ کو کیا معلوم کہ وقوع قیامت قریب ہی ہو کیونکہ جس چیز کے وقوع کا وقت معلوم نہ ہو تو کیا کہا جاسکتا ہے کہ وہ کب آجائے۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں ترازو فرمایا دین حق کو جس میں بات پوری ہے نہ کم نہ زیادہ۔
Top