Tafseer-e-Madani - Al-Hajj : 62
ذٰلِكَ بِاَنَّ اللّٰهَ هُوَ الْحَقُّ وَ اَنَّ مَا یَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِهٖ هُوَ الْبَاطِلُ وَ اَنَّ اللّٰهَ هُوَ الْعَلِیُّ الْكَبِیْرُ
ذٰلِكَ : یہ بِاَنَّ : اس لیے کہ اللّٰهَ : اللہ هُوَ الْحَقُّ : وہی حق وَاَنَّ : اور یہ کہ مَا : جو۔ جسے يَدْعُوْنَ : وہ پکارتے ہیں مِنْ دُوْنِهٖ : اس کے سوا هُوَ : وہ الْبَاطِلُ : باطل وَاَنَّ : اور یہ کہ اللّٰهَ : اللہ هُوَ : وہ الْعَلِيُّ : بلند مرتبہ الْكَبِيْرُ : بڑا
یہ اس لئے کہ اللہ ہی حق ہے اور جن کو یہ لوگ پوجتے پکارتے ہیں اس کے سوا وہ سب باطل ہیں اور یقینی طور پر اللہ ہی بلند مرتبہ بڑی ہی شان والاف 3
121 یہ اس لیے کہ اللہ ہی حق ہے : اور اس کے سوا باقی سب باطل ‘ اور بےحقیقت ہیں اور یہ پوری کائنات اور جو کچھ اس کے اندر ہے وہ سب اسی وحدہ لاشریک کے وجود باجود کا رہین منت، اور اس کی عظمت و وحدانیت کا ثبوت اور اس کا گواہ ہے، اور اس کے سوا جن کو یہ مشرک لوگ پوجتے پکارتے ہیں وہ سب باطل اور بےحقیقت ہے، پس کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ان مخالفین کی پشت پر بھی کوئی طاقت ہے، ایسا سمجھنا پرلے درجے کی حماقت اور سراسر دھوکہ اور خودفریبی ہے، والعیاذ باللہ ۔ سو کائنات کا وجود اور اس کا یہ پر حکمت نظام اس بات کا قطعی ثبوت اور واضح دلیل ہے کہ معبود برحق اللہ وحدہ لا شریک ہی ہے۔ وہ جو چاہے اور جیسا چاہے کرے۔ نہ اس کے لیے کچھ مشکل ہے اور نہ اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ۔ اور نہ ہی وہ اسباب و وسائل کا محتاج ہے ۔ سبحانہ وتعالیٰ - 122 اللہ تعالیٰ کی عظمت شان کا ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " یقینا اللہ بڑا ہی بلند وبالا اور برتر و عظیم الشان ہستی ہے "۔ سو کس قدر خسارے میں ہیں وہ لوگ جو اس عظمت بےپایاں اور اعلیٰ شان والے معبود برحق کو چھوڑ کر ‘ ان دوسرے خود ساختہ معبودوں کو پوجتے پکارتے ہیں ‘ جن کی نہ کوئی اصل اور حقیقت ہے اور نہ ہی وہ کسی نفع و نقصان کا اختیار رکھتے ہیں ‘ والعیاذ باللہ ان خودساختہ اور بےحقیقت چیزوں کی اس وحدہ لاشریک کے سامنے حیثیت ہی کیا ہوسکتی ہے ؟ سو یہ سب کچھ محض دھوکے کا سامان ہے والعیاذ باللہ، سو اللہ تعالیٰ کے سوا جن دوسری چیزوں اور مختلف ہستیوں وغیرہ کو لوگ پوجتے پکارتے ہیں وہ سب محض اوہام اور فریب اور دھوکے کا سامان ہیں۔ اس کائنات کا خالق ومالک اور اس میں حاکم و متصرف اور فرمانروا و کارفرمائے حقیقی صرف اللہ وحدہ لا شریک ہی ہے اور اللہ تعالیٰ بڑی ہی عظیم الشان اور بلند وبالا ہستی ہے جس کی عظمتوں کا کوئی کنارہ نہیں ۔ اللہم فکن لنا وخذ بنواصینا الی ما فیہ حبک ورضاک ۔ سو اس کے حکم وارشاد سے منہ موڑنا سب سے بڑا خسارہ ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top