Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 40
اَلَمْ تَعْلَمْ اَنَّ اللّٰهَ لَهٗ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ یُعَذِّبُ مَنْ یَّشَآءُ وَ یَغْفِرُ لِمَنْ یَّشَآءُ١ؕ وَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
اَلَمْ تَعْلَمْ : کیا تو نہیں جانتا اَنَّ : کہ اللّٰهَ : اللہ لَهٗ : اسی کی مُلْكُ : سلطنت السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَالْاَرْضِ : اور زمین يُعَذِّبُ : عذاب دے مَنْ يَّشَآءُ : جسے چاہے وَيَغْفِرُ : اور بخش دے لِمَنْ يَّشَآءُ : جس کو چاہے وَاللّٰهُ : اور اللہ عَلٰي : پر كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے قَدِيْرٌ : قدرت والا
کیا تمہیں معلوم نہیں کہ بیشک اللہ ہی کے لئے ہے بادشاہی آسمانوں اور زمین کی (اس ساری کائنات کی) وہ عذاب دے جس کو چاہے، اور معاف فرمائے جس کو چاہے، (کہ وہ مختار کل اور حاکم مطلق ہے) اور اللہ کو ہر چیز پر پوری قدرت ہے،
97 اللہ کی بعض اہم صفات کا حوالہ و ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا کہ کیا تمہیں معلوم نہیں کہ بیشک اللہ ہی کے لیے ہے بادشاہی آسمانوں اور زمین کی۔ یعنی اس ساری کائنات کی۔ وہ عذاب دے جس کو چاہے اور معاف فرمائے جس کو چاہے کہ وہ مختار کل اور حاکم مطلق ہے اور اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔ پس وہ جو چاہے کرے۔ کسی میں یارا نہیں کہ وہ اس کو اپنے ارادئہ و فیصلہ کی تنفیذ سے روک سکے۔ مگر وہ چونکہ قادر مطلق ہونے کے ساتھ ساتھ حکیم مطلق بھی ہے، اس لیے اس کا جو بھی کام ہوتا ہے وہ حکمت اور اس کے تقاضوں سے خالی نہیں ہوسکتا۔ پس انسان کیلئے سلامتی کی راہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ اس کی رضا و خوشنودی کی فکر و کوشش میں لگا رہے اور اس کی ناراضگی اور اس کی گرفت و پکڑ سے بچنے کی کوشش کرتا رہے ۔ وباللہ التوفیق ۔ اور اس کے ہر حکم و ارشاد کو دل و جان سے اپنائے کہ اس میں خود اسی کا بھلا ہے۔ دنیا کی اس عارضی اور فانی زندگی میں بھی اور آخرت کے اس ابدی جہاں میں بھی ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید -
Top