Tafseer-e-Majidi - Al-Hadid : 29
لِّئَلَّا یَعْلَمَ اَهْلُ الْكِتٰبِ اَلَّا یَقْدِرُوْنَ عَلٰى شَیْءٍ مِّنْ فَضْلِ اللّٰهِ وَ اَنَّ الْفَضْلَ بِیَدِ اللّٰهِ یُؤْتِیْهِ مَنْ یَّشَآءُ١ؕ وَ اللّٰهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِیْمِ۠   ۧ
لِّئَلَّا يَعْلَمَ : تاکہ نہ جان پائیں اَهْلُ الْكِتٰبِ : اہل کتاب اَلَّا يَقْدِرُوْنَ : کہ نہیں وہ قدرت رکھتے عَلٰي شَيْءٍ : اوپر کسی چیز کے مِّنْ فَضْلِ اللّٰهِ : اللہ کے فضل سے وَاَنَّ الْفَضْلَ : اور بیشک فضل بِيَدِ اللّٰهِ : اللہ کے ہاتھ میں ہے يُؤْتِيْهِ : دیتا ہے اس کو مَنْ يَّشَآءُ ۭ : جس کو چاہتا ہے وَاللّٰهُ : اور اللہ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيْمِ : بڑے فضل والا ہے
(اور یہ دولتیں اس لئے عطا کرے گا) تاکہ اہل کتاب کو (قیامت میں) معلوم ہوجائے کہ انہیں اللہ کے فضل کے کسی چیز پر بھی دسترس نہیں، اور یہ کہ فضل اللہ ہی کے ہاتھ میں ہے وہ جسے چاہے عطا کرے، اور اللہ بڑے فضل والا ہے،52۔
52۔ (اسے یہ سرکش ونافرمان ذرا سا بھی موقع دیتے تو ان کی نجات ومغفرت رکھی ہوئی تھی) (آیت) ” اھل الکتب “۔ یہ وہی لوگ ہیں۔ جنہیں ابھی ابھی (آیت) ” یایھا الذین امنوا “۔ سے مخاطب کیا گیا تھا۔ انہیں محض (آیت) ” اھل الکتب “۔ کہنے میں اشارہ یہ ہے کہ ابھی یہ صرف اہل کتاب ہیں محض انبیاء قدیم حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ، حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) پر ایمان ظاہر کرنا اور جتلانا انہیں مومن رہنے کیلئے کافی نہیں۔ (آیت) ’ لئلا یعلم “۔ علم یہاں تحقیق کے معنی میں ہے۔ اے لیتحققوا (ابن جریر) (آیت) ” لئلا “۔ یہاں کے یال کے مفہوم میں ہے۔ اے لیعلم ولا مزیدۃ (کشاف) اکثر المفسرین والنحویین علی ان لازائدۃ والمعنی لیعلم (نیشا پوری) اعلم ان اکثر المفسرین علی ان لاھھنا صلۃ زائدۃ والتقدیر لیعلم اھل الکتاب (کبیر) (آیت) ” لئلایعلم “۔ یہ تحقق قیامت کے دن ہوگا۔ جو ہر حقیقت کے انکشاف کامل کا وقت ہوگا۔ (آیت) ” الا ...... فضل اللہ یعنی اہل کتاب عدم ایمان محمدی ﷺ کی حالت میں فضل خداوندی سے ذرا بھی مستفید نہ ہوسکیں گے۔ یہ اہل کتاب کے اس زعم باطل کی تردید میں ارشادہوا ہے کہ ہم موسیٰ (علیہ السلام) اور عیسیٰ (علیہ السلام) کا دامن پکڑے ہوئے ہیں ہمیں کیا غم واندیشہ ہے۔ (آیت) ” ان .... یشآء اور اسی کی مشیت اپنے فضل کو اہل ایمان کے ساتھ متعلق ومخصوص کرنے کی ہے۔ بحمد اللہ اس پارۂ 27 کی نظر ثانی سے فراغت دو شنبہ 24 صفر المظفر 1367 ؁ھ (مطابق 29 دسمبر 1947 ء۔ ) کو قبل ظہر پائی۔ اور نظر ثالث آج جمعرات 7 شعبان 1369 ؁ھ (مطابق 24 دسمبر 1950 ء۔ ) کو وقت چاشت “۔
Top