Urwatul-Wusqaa - Al-Haaqqa : 47
فَمَا مِنْكُمْ مِّنْ اَحَدٍ عَنْهُ حٰجِزِیْنَ
فَمَا مِنْكُمْ : تو نہ ہوتا تم میں سے مِّنْ اَحَدٍ : کوئی ایک عَنْهُ : اس سے حٰجِزِيْنَ : روکنے والا۔ باز رکھنے والا ہوتا
پھر تم میں سے کوئی (اس کام سے ہمیں) روکنے والا نہ ہوتا
پھر تم میں سے کوئی بھی اس کام سے ہم کو روکنے والا نہ ہوتا 47 ؎ اب تو تم مخالفت پر کمر بستہ ہو اور ہمارے رسول اور اس پر اتارے گئے کلام کو سچ تسلیم کرنے کے لئے بھی تیار نہیں ہو حالانکہ ہم نے اپنے رسول پر اس سچائی کے اتارنے کا اتنا اہتمام کیا ہے کہ اگر وہ ہماری بھیجی ہوئی سچائی میں ایک لفظ کیا ایک حرف تک بھی کمی بیشی کرے تو ہم اسی وقت اس کو پکڑ لیں اور پھر تم جو اس وقت ماننے کے لئے تیار نہیں ہو تم بھی مل کر اس کو ہم سے چھڑوانا چاہو تو نہ چھڑوا سکو کیونکہ جس شخص کو ہم پکڑ لیتے ہیں اس کو ہماری پکڑ سے کوئی شخص نہیں بچا سکتا۔ انداز بیان خود بتا رہا ہے کہ یہ بیان محض اس کی تصدیق کے لئے ہے کہ جو کچھ ہم نے اپنے پیغمبر محمد رسول ﷺ پر نازل کیا ہے وہ من و عن اس کو لوگوں تک پہنچا رہا ہے اور اس میں ذرہ برابر بھی وہ کمی بیشی نہیں کرتا اور نہ ہی اس کی اس کو کبھی اجازت دی جاسکتی ہے۔ رہی یہ بات کہ جو لوگ اس سچائی کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں ان کا معاملہ بھی اللہ تعالیٰ ہی کے سپرد ہے اور ان کو جو مہلت اور ڈھیل اللہ نے دے رکھی ہے اگر وہ اس سے فائدہ اٹھانا نہیں چاہتے تو اس طرح وہ اپنا نقصان آپ کر رہے ہیں جونہی ان کی مہلت کا وقت ختم ہوجائے گا تو ان کو حاضر کرلیا جائے گا اور ان کو وہ مار دی جائے گی جو کافروں ، مشرکوں ، منافقوں ، فاسقوں کے لئے قانون میں مقرر کردی گئی ہے۔
Top