Tafseer-e-Madani - Yaseen : 2
وَ الْقُرْاٰنِ الْحَكِیْمِۙ
وَالْقُرْاٰنِ : قسم ہے قرآن کی الْحَكِيْمِ : باحکمت
قسم ہے اس حکمتوں بھرے قرآن کی
1 قرآن حکیم اپنی صداقت و حقانیت کی دلیل خود : سو حکمت قرآن اس کی صداقت و حقانیت کی سب سے بڑی اور واضح دلیل ہے۔ چناچہ قرآن حکیم کی قسم سے واضح فرما دیا گیا کہ حکمت قرآن اس کتاب حکیم اور اس کے پیش کرنے والے پیغمبر کی صداقت و حقانیت کی سب سے بڑی اور واضح دلیل ہے۔ یعنی یہ عظیم الشان اور حکمتوں بھرا کلام جس کی نظیر لانے سے دنیا ساری عاجز ہے خود اس بات کی کھلی دلیل اور واضح ثبوت ہے کہ یہ اللہ کا کلام ہے اور آپ ﷺ اللہ کے رسول ہیں (علیہ الصلوۃ والسلام) سو قرآنی قسمیں جیسا کہ ہم نے اور بھی کئی جگہ ذکر کیا ہے اپنے مقسم علیہ کی شہادت اور گواہی کیلئے ہوتی ہیں نہ کہ محض تعظیم کیلئے۔ جیسا کہ عام طور پر سمجھا جاتا ہے اور جیسا کہ عام لوگوں کی قسموں میں پایا جاتا ہے۔ سو یہاں پر قرآن حکیم کی اس قسم سے واضح فرما دیا گیا ہے کہ اے پیغمبر آپ ﷺ یقینا اللہ کے سچے رسول ہیں اور اس پر گواہی کیلئے یہ قرآن حکیم ہی کافی ہے جو آپ ﷺ دنیا کو سناتے ہیں کہ ایسا کلام حکیم اپنی طرف سے پیش کرنا طوق بشر سے خارج ہے۔ پس یہ قرآن معجزہ اور کلام خداوندی ہے۔
Top