Urwatul-Wusqaa - Yaseen : 35
لِیَاْكُلُوْا مِنْ ثَمَرِهٖ١ۙ وَ مَا عَمِلَتْهُ اَیْدِیْهِمْ١ؕ اَفَلَا یَشْكُرُوْنَ
لِيَاْكُلُوْا : تاکہ وہ کھائیں مِنْ ثَمَرِهٖ ۙ : اس کے پھلوں سے وَمَا : اور نہیں عَمِلَتْهُ : بنایا اسے اَيْدِيْهِمْ ۭ : ان کے ہاتھوں اَفَلَا يَشْكُرُوْنَ : تو کیا وہ شکر نہ کریں گے
تاکہ یہ اس کے پھلوں میں سے کھائیں اور ان کے ہاتھوں نے تو اس (سارے نظام) کو نہیں بنایا پھر وہ (اللہ کا) شکر کیوں نہیں ادا کرتے ؟
کیا تم جن پھلوں کو کھاتے ہو ان کو تم نے بنایا ہے پھر تم شکر کیوں نہیں کرتے : 35۔ پھر ان پھلوں کو ‘ ان سبزیوں اور ترکاریوں کو تم نے بنایا ہے ؟ تمہارے بزرگوں اور پیروں نے بنایا ہے ؟ تمہارے بادشاہوں اور وزیروں نے بنایا ہے ؟ آخر کچھ تو بتاؤ کہ تمہارا حصہ ان میں کتنا ہے اور کس طرح تم ان کے مالک بنائے گئے ہو ۔ ہاں ! غور کرو اور کرتے ہی چلے جاؤ انجام کار تم اس نتیجہ پر پہنچو گے کہ ان سب کا بنانے والا ‘ اگانے والا اور ان کے اندر وٹامن کی طاقتیں اور قوتیں بھرنے والا ‘ پھر سب سے بڑھ کر ہر ایک دانے کے اندر اس کے جنسی عناصر ترتیب و ترکیب دینے والا اللہ ہی ہے ۔ پھر تم کتنے ناکارہ ‘ کتنے سطحی اور کتنے نادان ہو کہ اس مالک حقیقی کا شکر ادا کرنے کے لئے بھی تیار نہیں ہو ۔
Top