Kashf-ur-Rahman - Aal-i-Imraan : 53
رَبَّنَاۤ اٰمَنَّا بِمَاۤ اَنْزَلْتَ وَ اتَّبَعْنَا الرَّسُوْلَ فَاكْتُبْنَا مَعَ الشّٰهِدِیْنَ
رَبَّنَآ : اے ہمارے رب اٰمَنَّا : ہم ایمان لائے بِمَآ : جو اَنْزَلْتَ : تونے نازل کیا وَاتَّبَعْنَا : اور ہم نے پیروی کی الرَّسُوْلَ : رسول فَاكْتُبْنَا : سو تو ہمیں لکھ لے مَعَ : ساتھ الشّٰهِدِيْنَ : گواہی دینے والے
اے ہمارے پروردگار جو کچھ تو نے نازل کیا ہم اس پر ایمان لائے اور ہم نے رسول کی پیروی اختیار کی لہٰذا ہم کو بھی ان لوگوں کے ساتھ لکھ دے جو حق کی شہادت دینے والے ہیں1
1۔ حواریوں نے کہا اے ہمارے پروردگار ان تمام احکام پر جو آپ نے نازل فرمائے ہیں ایمان لائے اور ہم نے اس رسول یعنی عیسیٰ (علیہ السلام) کی پیروی اختیار کی لہٰذا آپ ہم کو گواہی دینے والوں اور تصدیق کرنے والوں کے ہمراہ لکھ دیجئے اور ان لوگوں کے ساتھ ہمارا بھی اندراج کرلیجئے جو آپ کی وحدانیت کی گواہی دیتے ہیں اور آپ کے رسولوں کی تصدیق کرتے ہیں۔ ( تیسیر) مطلب یہ ہے کہ عام مسلمانوں میں جو آپ کی وحدانیت اور آپ کے رسولوں کی رسالت کا اقرار کرنے والے ہیں ان میں ہمارا نام بھی لکھ دیجئے اور یہ مطلب بھی ہوسکتا ہے کہ انبیاء کے ساتھ لکھ دیجئے کیونکہ قیامت میں انبیاء (علیہم السلام) شہادت دیں گے ، اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ انبیاء کے ساتھ لکھ دیجئے کیونکہ قیامت میں انبیاء (علیہم السلام) شہادت دیں گے اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ امت محمدیہ کے ساتھ ہمارا نام لکھ دے کیونکہ یہ امت بھی قیامت کے دن شہادت دینے والی ہوگی ۔ ( واللہ اعلم) اب آگے یہود کے مکرو فریب کا اور ان کی ناکامی کا ذکر ہوتا ہے۔ ( تسہیل)
Top