Tafseer-e-Mazhari - Aal-i-Imraan : 53
رَبَّنَاۤ اٰمَنَّا بِمَاۤ اَنْزَلْتَ وَ اتَّبَعْنَا الرَّسُوْلَ فَاكْتُبْنَا مَعَ الشّٰهِدِیْنَ
رَبَّنَآ : اے ہمارے رب اٰمَنَّا : ہم ایمان لائے بِمَآ : جو اَنْزَلْتَ : تونے نازل کیا وَاتَّبَعْنَا : اور ہم نے پیروی کی الرَّسُوْلَ : رسول فَاكْتُبْنَا : سو تو ہمیں لکھ لے مَعَ : ساتھ الشّٰهِدِيْنَ : گواہی دینے والے
اے پروردگار جو (کتاب) تو نے نازل فرمائی ہے ہم اس پر ایمان لے آئے اور (تیرے) پیغمبر کے متبع ہو چکے تو ہم کو ماننے والوں میں لکھ رکھ
رَبَّنَآ اٰمَنَّا بِمَآ اَنْزَلْتَ : اے ہمارے رب تو نے جو کتابیں نازل کیں انجیل و تورات وغیرہ ہم اس پر ایمان لائے۔ وَاتَّبَعْنَا الرَّسُوْلَ : اور جو کچھ تیرے پیغمبر یعنی عیسیٰ نے ہم کو حکم دیا ہم اس پر چلے۔ فَاكْتُبْنَا مَعَ الشّٰهِدِيْنَ : پس تو ہم کو ان لوگوں کی فہرست میں لکھ دینا جنہوں نے تیری واحدانیت اور تیرے انبیاء کی صداقت کی شہادت دی ہے۔ عطاء کے نزدیک الشاہدین سے مراد ہیں انبیاء کیونکہ ہر نبی اپنی امت کا شاہد ہوگا۔ حضرت ابن عباس ؓ نے فرمایا : الشاہدین یعنی محمد ﷺ اور آپ ﷺ کی امت۔ کیونکہ امت محمدیہ ﷺ (قیامت کے دن) انبیاء کی رسالت و تبلیغ کی شہادت دے گی۔
Top