Tafseer-e-Madani - An-Nahl : 51
وَ قَالَ اللّٰهُ لَا تَتَّخِذُوْۤا اِلٰهَیْنِ اثْنَیْنِ١ۚ اِنَّمَا هُوَ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ١ۚ فَاِیَّایَ فَارْهَبُوْنِ
وَقَالَ : اور کہا اللّٰهُ : اللہ لَا تَتَّخِذُوْٓا : نہ تم بناؤ اِلٰهَيْنِ : دو معبود اثْنَيْنِ : دو اِنَّمَا : اس کے سوا نہیں هُوَ : وہ اِلٰهٌ : معبود وَّاحِدٌ : یکتا فَاِيَّايَ : پس مجھ ہی سے فَارْهَبُوْنِ : تم مجھ سے ڈرو
اور فرمایا اللہ نے کہ تم نہیں بنانا دو معبود (اے انسانو ! کہ) سوائے اس کے نہیں کہ وہ (معبود برحق) ایک ہی معبود ہے، پس تم سب مجھ ہی سے ڈرو،
100۔ معبود برحق صرف اللہ وحدہ لاشریک ہی ہے : اس کے سوادوسرا کوئی بھی معبود نہ ہے، نہ ہوسکتا ہے اس لئے اس نے صاف اور صریح طور پر ارشاد فرمایا گیا کہ تم سب مجھ ہی سے ڈرو اے لوگو ! کہ سب کچھ میرے ہی قبضہ قدرت میں ہے۔ پس تم میرے سوا اور کسی سے مت ڈرو۔ اور امر واقع یہی ہے کہ جو اس سے ڈرتا ہے وہ اور کسی سے نہیں ڈرتاخواہ وہ کوئی بھی ہو اور کیسا بھی ہو اور کہیں بھی ہو۔ اور اس کے برعکس جو اس سے نہیں ڈرتا وہ ہر کسی سے حتی کہ وہمی اور فرضی چیزوں سے بھی ڈرتا ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ سو اللہ سے ڈرنے والا انسان ایسا قوی القلب، مطمئن الضمیر اور مرتاح البال ہوجاتا ہے کہ اس کو کسی کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔ وباللہ التوفیق۔ بہرکیف اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیاء ورسل اور صحیفوں اور کتب کے ذریعے دنیا کو یہی پیغام دیا کہ معبود برحق اس وحدہ لاشریک کے سوا کوئی بھی نہیں۔ لہذا سب کو عبادت و بندگی بھی اسی کی بجا لانی چاہئے اور ڈرنا بھی اسی سے چاہیے۔ کہ اطاعت مطلقہ اور عبادت و بندگی کی ہر قسم اور اس کی ہر مشکل اسی وحدہ لاشریک کا حق ہے۔
Top