Tafseer-e-Madani - Aal-i-Imraan : 68
اِنَّ اَوْلَى النَّاسِ بِاِبْرٰهِیْمَ لَلَّذِیْنَ اتَّبَعُوْهُ وَ هٰذَا النَّبِیُّ وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا١ؕ وَ اللّٰهُ وَلِیُّ الْمُؤْمِنِیْنَ
اِنَّ : بیشک اَوْلَى : سب سے زیادہ مناسبت النَّاسِ : لوگ بِاِبْرٰهِيْمَ : ابراہیم سے لَلَّذِيْنَ : ان لوگ اتَّبَعُوْهُ : انہوں نے پیروی کی انکی وَھٰذَا : اور اس النَّبِىُّ : نبی وَالَّذِيْنَ : اور وہ لوگ جو اٰمَنُوْا : ایمان لائے وَاللّٰهُ : اور اللہ وَلِيُّ : کارساز الْمُؤْمِنِيْنَ : مومن (جمع)
بیشک ابراہیم کے سب سے زیادہ قریب (مذہب و ملت کے اعتبار سے ان کے زمانے میں) وہ لوگ تھے، جنہوں نے (صدق و اخلاص سے) ان کی پیروی کی، اور (اب اس آخری زمانے میں) یہ نبی اور ان پر ایمان لانے والے ہیں اور اللہ حامی و مددگار ہے ایمان والوں کا،
141 دین اسلام کی اساس ملت ابراہیمی : سو نبی آخر الزماں ﷺ کے لائے ہوئے دین حق، یعنی اسلام کی اساس ہی ملت ابراہمی پر ہے۔ سو اس دین حق کو ماننے والے ہی وہ لوگ ہیں جو عقیدہ توحید پر قائم ہیں اور ان کے دین کی اساس و بنیاد ہی ملت ابراہیمی پر استوار ہے۔ جو ابراہیم کی طرح سچی اور خالص توحید کے قائل اور اللہ کو ایک اور وحدہ لاشریک مانتے ہیں۔ جن کا قبلہ قبلہ ابراہیمی ہے۔ وہ اسی کی طرف اپنی نمازوں میں رخ کرتے اور اسی کا طواف کرتے اور وہاں حج وعمرہ کی عظیم الشان عبادات بجا لاتے ہیں۔ اور جو ابراہیم کی طرح اللہ کی رضا کیلئے قربانی کرتے اور ختنہ کرتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔ اور جنہوں نے بیت اللہ میں رکھے گئے مشرکین مکہ کے بتوں کو اپنی حقانی ضربوں سے پاش پاش کرکے خداوند قدوس کے گھر کو شرک کی تمام آلائشوں سے ہمیشہ کیلئے پاک و صاف کردیا۔ سو یہی لوگ ہیں جو حق کے علمبردار اور ملت ابراہیمی کے پاسدار، اور ان کے اصل و حقیقی پیروکار ہیں۔ اور یہی ہیں جو ملت ابراہیمی کے محافظ و امین ہیں۔ اور یہی ہیں جو صراط مستقیم پرچلنے والے اور اہ حق و ہدایت کے راہی ہیں۔ سو حضرت ابراہیم کی طرف نسبت محض زبانی کلامی دعو وں یا نسبی اور خاندانی انتساب سے حاصل ہونے والی چیز نہیں بلکہ اس کا تعلق اطاعت و اتباع سے ہے۔ پس جو صدق دل سے آپ کی اطاعت و اتباع کرے گا وہی اس کا اہل اور مستحق ہوگا، خواہ وہ کوئی بھی ہو اور کہیں کا بھی ہو۔ سو اس اعتبار سے حضرت ابراہیم کے سب سے زیادہ قریب یہ پیغمبر ﷺ اور ان پر ایمان لانے والے ان کے صحابہ کرام ہیں، نہ کہ یہود و نصاریٰ اور مشرکین مکہ جنہوں نے دین ابراہیم کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا اور انہوں نے دین توحید میں شرک کی آمیزش کردی ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top