Tafseer-e-Majidi - Al-Maaida : 56
وَ مَنْ یَّتَوَلَّ اللّٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا فَاِنَّ حِزْبَ اللّٰهِ هُمُ الْغٰلِبُوْنَ۠   ۧ
وَمَنْ : اور جو يَّتَوَلَّ : دوست رکھتے ہیں اللّٰهَ : اللہ وَرَسُوْلَهٗ : اور اس کا رسول وَ : اور الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا : جو لوگ ایمان لائے (ایمان والے) فَاِنَّ : تو بیشک حِزْبَ اللّٰهِ : اللہ کی جماعت هُمُ : وہ الْغٰلِبُوْنَ : غالب (جمع)
اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسول ﷺ اور ایمان والوں سے دوستی رکھے گا، سو بیشک اللہ ہی کا گروہ غالب ہے،202 ۔
202 ۔ (بہ اعتبار اصل حقیقت کے گو بعض اوقات اس غلبہ کے آثار کسی حکمت ومصلحت کی بنا پر ظاہر نہ ہوں) بہ قول مفسر تھانوی (رح) حقیقۃ ارفع تو مومنین ہی ہیں، گوحکمت ابتلا وغیرہ کی بنا پر کسی خاص محل، مثلا اس دنیا میں، اور کسی خاص وقت تک اس ارفعیت کے آثار نمایاں نہ ہوں، واقعیت بجائے خود قائم ہے، خواہ اس کے آثار بعد ایک مدت کے اسی دنیا میں ظاہر ہوجائیں خواہ کسی دوسرے محل کے لیے، مثلا آخرت میں اپنے ظہور کے اصلی اور مقدر وقت پر اٹھ رہیں، مرشد تھانوی (رح) نے فرمایا کہ غلبہ کی تفسیر اگر قوت قلب سے کی جائے تو فہم سہل تر ہوجائے، اہل اللہ پر اسباب مغلوبیت کا ظاہرا کتنا ہی ہجوم ہو، لیکن ان کو ضعف واستکانت بوجہ توکل وتعلق مع اللہ کے نہیں ہوتا۔
Top